یوتھ کیلئے پنجاب حکومت کی پالیسیاں قابل تعریف ہیں، خصوصی ایلچی بانکی مون،سپورٹس بورڈ پنجاب نے ملک کی یوتھ کو کارآمد شہری بنانے کیلئے بھرپور کردار اداکیا ہے،پاکستان کی یوتھ انتہائی ٹیلنٹڈ اور ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں، احمد الہنداوی، یوتھ کیلئے پنجاب حکومت کی پالیسیاں قابل قدر ہیں ، یو این او آفیشل این کیننگ، رانا مشہود کی اقوام متحدہ کے وفد کے ساتھ پریس کانفرنس

جمعرات 19 جون 2014 08:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء)پاکستان کی یوتھ انتہائی ٹیلنٹڈ اور بلاشبہ ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کی اچیومنٹس حیرت انگیز ہیں، ان خیالات کے اظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے یوتھ احمد الہنداوی نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں پریس بریفنگ کے دوران کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد، ڈی جی سپورٹس عثمان انور اور یو این او کی آفیشل این کیننگ بھی موجود تھے۔

الہنداوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پنجاب حکومت کی یوتھ پالیسی اور یوتھ کیلئے کی گئی کوششوں کو سراہا ہے، جن کا مقصد کھیل کے میدان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے، انہوں نے اس بات کو بھی سراہا کہ بے شمار چیلنجز کے باوجود پنجاب حکومت کی نوجوانوں کی ترقی کیلئے معاشی اور معاشرتی پالیسیاں قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 74ملین نوجوان ہیں جن کو تربیت کیلئے کوئی مواقع نہیں ملتے۔اسی طرح دنیا بھر میں70فیصد آبادی 30سال سے کم ہے جو کہ یوتھ کی ہے، اگر یوتھ کو بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ نے اپنی معیشت مضبوط کرلی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ مدد نہیں بلکہ ترغیب ، ترغیب سے ہمیشہ مثبت تعمیر ہوتی ہے جبکہ مالی مدد سیکھنے کی لگن کو قتل کردیتی ہے۔

الہنداوی نے کہا کہ پاکستانی عوام بہت باہمت ا ور جذبہ رکھنے والی قوم ہے جو کہ ہر قسم کے چیلنج قبول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔این کیننگ نے بھی ملک کی یوتھ کے بہتر مستقبل کیلئے پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی کوششوں کو سراہا ۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے وفد کو حکومت کی سپورٹس اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا ،

انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ملک کی یوتھ کو کارآمد شہری بنانے کیلئے بھرپور کردار اداکیا ہے۔

اب ہم اس قابل ہیں کہ ہر سال نوجوانوں کیلئے 10لاکھ نوکریاں پیدا کر سکیں اور یہ سب کچھ پنجاب حکومت کے یوتھ پروگرام کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔اس موقع پر وفد کو ویڈیو کے ذریعے پنجاب یوتھ فیسٹیول، انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول اور گینز ورلڈ ریکارڈ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے معزز مہمانوں کو سپورٹس بورڈ پنجا ب کی طرف سے سوینئر بھی پیش کئے گئے۔