عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کو اسلام آباد کا گھیراؤ کرنے کی اجازت نہیں دینگے،خواجہ سعد رفیق ، تمام مسالک طاہرالقادری کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں وہ اپنا نیا مسلک مسلط کرنے کی کوششوں میں ہیں، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 جون 2014 08:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء)ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کو اسلام آباد کا گھیراؤ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ بہتر انتظامات کریگی،خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طاہر القادری ملک پر غیر ملکی ایجنڈا لیکر آرہے ہیں،تمام مسالک طاہرالقادری کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں وہ اپنا نیا مسلک مسلط کرنے کی کوششوں میں ہیں،انہوں نے کہا کہ طاہر القادری نے علاقے کو نوگوایریا بنا رکھا تھا جسکی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے کی شکایات تھیں،شہریوں کی شکایات پر کارروائی کی گئی،طاہر القادری نے لاہور واقعہ سے فائدہ اٹھایا کارکنوں کو روکنے کی بجائے مقابلہ کرنے کا کہتے رہے،

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور کا واقعہ اذیت کا باعث ہے جس میں درجنوں پولیس اہلکار زخمی اور عوامی تحریک کے کارکن جاں بحق ہوئے،اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا ہے،انکوائری میں جو بھی ملوث ہوا اس کا لحاظ نہیں کیا جائیگا،انہوں نے کہا کہ عمران خان بے جمالو کا کردار ادا کر رہے ہیں،خیبرپختونخوا میں پولیو اور خسرہ تو روکا نہیں جاسکا پرویز خٹک استعفیٰ کیوں نہیں دیتے،پاکستان کے سیکورٹی ادارے اس وقت حالت جنگ میں ہیں،اس موقع پر غیر ملکی ایجنڈا پاکستان پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دینگے،وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور حکومت ایک پیج پر ہیں،انہوں نے کہا کہ لاہور واقعہ میں کوئی بھی سیاسی شخصیت ملوث نہیں گلوبٹ نامی شخص کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے،طاہر القادری کا احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق نہیں ہے وہ الیکشن میں پہلے حصہ لیں پھر احتجاج کریں،وہ دوہری شہریت کے حامل ہیں اور ٹوپی کو ہوا میں لہرا رہے ہیں،اٹھارہ ہزار لوگوں کے ذریعے 20کروڑ عوام کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔