دھمکیوں سے ایم کیو ایم کو ڈرایا نہیں جاسکتا‘ الطاف حسین ،ڈر اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کی ضد ہیں‘ طاہرہ آصف بہادری کے ساتھ بولتی ہیں انہیں شناخت کرکے گولیاں ماری گئیں‘ قائد ایم کیو ایم

جمعرات 19 جون 2014 08:08

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دھمکیوں سے ایم کیو ایم کو ڈرایا نہیں جاسکتا ڈر اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کی ضد ہیں طاہرہ آصف ہمت اور بہادری کے ساتھ بولتی ہیں انہیں شناخت کرکے گولیاں ماری گئیں قوم ان کی صحت یابی کیلئے دعا کرے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی طاہرہ آصف لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے کے لئے گھر سے نکلی تھیں اور موٹر سائیکل سواروں نے پہلے ان کی گاڑی کو روکا اور طاہرہ آصف کو شناخت کیا اور ان کی شناخت کے بعد انہیں گولیاں ماری گئیں انہوں نے کہا کہ طاہرہ آصف کو بیس بوتلیں خون دیا جاچکا ہے اور ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں

انہوں نے کہا کہ طاہرہ آصف ہمت اور بہادری کے ساتھ بولتی ہیں اور ایک نڈر اور بہادر خاتون ہیں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیو ایم کو دھمکیاں دی جارہی ہیں جن کا مقصد ہمیں ڈرانا ہے لیکن ہم اور ہمارے ساتھی ڈرنے والے نہیں ہیں کیونکہ ڈر اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کی ضد ہیں الطاف حسین نے کہا کہ طاہرہ آصف پر حملے کے بعد کارکنوں کو احتجاج سے روکا اور انہیں صبر کرنے کی تلقین کی کیونکہ منگل کو طاہر القادری کے گھر پر حملے کا سانحہ ہوا اور ہم ان کے ساتھ احتجاج میں شریک ہیں منہاج القرآن پر حملہ افسوسناک اور پولیس گردی ہے۔