گورنرخیبرپختونخوا کی ذاتی دلچسپی پر وفاقی حکومت نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے متاثرین اور آئی ڈی پیز کی امداد اور اعانت کیلئے 50 کروڑ روپے کی پہلی قسط فوری طور پر جاری کردی، شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز اور متاثرین کو تمام تر ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایاجائیگا، سردار مہتاب احمدخان

جمعرات 19 جون 2014 08:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء)گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان کی ذاتی دلچسپی پر وفاقی حکومت نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے متاثرین اور آئی ڈی پیز کی امداد اور اعانت کیلئے 50 کروڑ روپے کی پہلی قسط فوری طور پر جاری کرتے ہوئے اس امر کا یقین دلایاہے کہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز اور متاثرین کو تمام تر ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایاجائیگا کیونکہ شمالی وزیرستان کے عوام نے ملک وقوم کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑنے کی قربانی دی ہے۔

گورنرنے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پورا ملک ان کے ساتھ کھڑاہے۔یہ بات وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادربلوچ کی گورنر سردار مہتاب احمدخان سے ملاقات کے دوران کہی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمدنوازشریف نے وفاقی وزیر سیفران عبدالقادربلوچ کو شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کیلئے کابینہ کمیٹی کانگران مقررکیاہے۔

انہوں نے آج پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان سے ملاقات کی۔ گورنرنے انہیں متاثرین کی امداد کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا اورکہاکہ شمالی وزیرستان کے عوام ملک کی سالمیت اور بقاء کی خاطر جوقربانیاں دے رہے ہیں پوری قوم کو اس کا احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت اپنے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے تاکہ ان متاثرین اور آئی ڈی پیز کی مشکلات کا ہرصورت میں ازالہ ممکن بنایاجاسکے۔

اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت کی مشاورت اور تعاون کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے بھی آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے 34 کروڑ روپے دیے جاچکے ہیں۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ جس طرح سوات آپریشن کے آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے وفاقی اورتمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں اور انفرادی حیثیتوں میں انہیں تعاون اور سہولیات فراہم کی گئی بلکل اسی طرح شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے تعاون کیلئے آگے بڑھا جائے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے گورنر کو آگاہ کیا کہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیزکے امداد کیلئے 50 کروڑ روپے کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے اور ضرورت پڑھنے پر وسائل کی فراہمی میں تاخیر سے کام نہیں لیاجائیگا۔گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کہاکہ مربوط انداز میں امدادی سرگرمیوں کیلئے کمشنر بنوں کو فوکل پرسن مقررکیاگیاہے۔

اس موقع پرگورنرنے کہاکہ شمالی وزیرستان کے متاثرین اور آئی ڈی پیز ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں اور یہ انسانی المیے سے گزررہے ہیں۔ ان کی ہر ممکن خدمت کی جائیگی اور تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔ ہمیں شمالی وزیرستان کے بے گھرہونیوالے اپنے بھائیوں کی تکالیف اوردکھ کا احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

متعلقہ عنوان :