سنگین غداری کیس،سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمہ کے شکایت کنندہ و وفاقی سیکرٹری داخلہ کا مکمل بیان ریکارڈ، وکلائے صفائی آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ (شکایت کنندہ) پر جرح کریں گے، مقدمہ کی سماعت 24جون تک ملتو ی

جمعرات 19 جون 2014 07:59

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء) سنگین غداری کیس،سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمہ کے شکایت کنندہ و وفاقی سیکرٹری داخلہ کا مکمل بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے، وکلائے صفائی آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ (شکایت کنندہ) پر جرح کریں گے۔بدھ کے روز سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت نے کی۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ بطور شکایت کنندہ خصوصی عدالت کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کروانے پیش ہوئے جہاں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ وزیر اعظم کی جانب سے 26جون 2013کو بھیجا گے خط کی کاپی پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت کے سامنے اصل خط نہیں پیش کیا جاسکتا کیونکہ اصل خط سپریم کورٹ میں پہلے کی جمع کروایا جا چکا ہے لہذا خط کی کاپی قبول کی جائے عدالت نے منظور کرلی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد خصوصی عدالت کی رکن جسٹس طاہرہ صفدر نے سیکرٹری داخلہ شاہ خان سے حلف لینے کا بعد ان کا بیان ریکارڈ کیا جس میں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم کے خط کے بعد سابق صدر کے خلاف غداری کے اقدامات کی تحقیقات ایف آئی اے کے ذریعے شروع کروائیں گئیں اور ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات مکمل کر کے 16نومبر 2013کو اپنی رپورٹ پیش کی جس پر وزرات قانون انصاف سے قانونی رائے لی گئی کیونکہ پرویز مشرف پر تحقیقات میں اپنچ الزامات ثابت ہوئے تھے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں ایمرجنسی اور پی سی او کا نفاذ ، پی سی او کے تحت ججوں سے حلف لینے اور آئین میں دو بار ترامیم کے الزامات کے تحت وزارت قانون کی رائے پر غداری مقدمہ قائم کیا گیا۔اس موقع پر مقدمہ کے پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے شکایت کنندہ سے استفسار کیا کہ غداری مقدمہ میں ملز م کون جس پرانہوں نے جوا ب دیا کہ پرویز مشرف اس مقدمہ کے ملزم ہیں، اکرم شیخ نے دوسرار سوال کیا کہ اس مقدمہ میں دیگر ملزمان کو شامل کیوں نہیں کیا گیا جس پر شاہد خان (شکایت کنندہ ) نے جواب دیا کہ تحقیقات رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور تحقیقات میں شواہد و ثبوت صرف پرویز مشرف کے خلاف ملے ہیں اور کسی فرد کے خلاف کوئی ایسا ثبوت یا ڈاکو منٹس نہیں ملے جس کی بنیاد پر کسی دوسرے شخص کو بھی شامل کیا جاتا۔

بعد ازاں عدالت نے مقدمہ کی سماعت 24جون تک ملتو ی کر دی ہے،آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کے وکلاء شکایت کنندہ شاہد خان پر جرح کریں گے۔

متعلقہ عنوان :