شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، ڈرون طیاروں نے درگاہ منڈی اور طوری خیل میں ایک مکان اور گاڑی پر 4 میزائل داغے،حملے کے بعد ڈرون طیاروں کی علاقے میں نچلی پروازیں علاقہ مکینوں میں خوس و ہراس پھیل گیا،دہشت گردوں سے شمالی وزیرستان کے40 فیصد سے زائد علاقے کو خالی کرالیا گیا،60فیصد سے زائد ٹھکا نے تبا ہ ،مربوط آپریشنل حکمت عملی کے تحت ہونے والی کارروائیوں کے باعث ،طالبان ،ازبک ،چیچن اور دیگرعسکریت پسند گروپس کی کمر توڑ دی گئی ہے، ذرائع،تحصیل رزمک اور میرعلی میں کرفیو میں نرمی ، لوگوں نے علاقوں سے نقل مکانی شروع کردی

جمعرات 19 جون 2014 07:55

میران شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء)شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں امریکی ڈرون طیاروں کے حملے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ذرا ئع کے مطابق امریکی ڈرون طیاروں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے علاقوں درگاہ منڈی اور طوری خیل میں ایک مکان اور گاڑی پر 4 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حملے کے بعد ڈرون طیاروں نے علاقے میں نچلی پروازیں بھی جاری رکھیں جس کے باعث علاقہ مکینوں میں خوس و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈرون حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ ادھر فرا نسیسی خبر رسا ں ادارے نے حکا م کے حوالے سے ڈرون حملے کی تصدیق کر تے ہو ئے کہا کہ حملے میں دہشت گر دو ں کو نشا نہ بنا یا گیا ہے اور امکا ن ہے کہ ما رے جا نے والے افراد غیر ملکی دہشت گرد تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ اس سال کا تیسرا حملہ میں ہے، ا س سے پہلے ہونیوالے دوحملوں میں 16افراد مارے گئے تھے۔ یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں گذشتہ چند روز سے پاک فوج نے ضرب عضب کے نام سے ایک جامع فوجی آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فوجی آپریشن کے دوران ڈرون حملہ کیا گیا ہو۔

ادھرشمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے جاری آپریشن ضرب عضب میں سرجیکل اسٹرائیکس اورزمینی دستوں کی کارروائیوں کے باعث میر علی اور دیگر علاقوں میں عسکریت پسندوں کے60فیصد سے زائد ٹھکانوں کو تباہ کردیاگیا ہے۔

وفاقی حکومت کے اہم ذرائع نے بتایا کہ مربوط آپریشنل حکمت عملی کے تحت ہونے والی کارروائیوں کے باعث ،طالبان ،ازبک ،چیچن اور دیگرعسکریت پسند گروپس کی کمر توڑ دی گئی ہے جس کے باعث یہ جنگجو تتربتر ہونا شروع ہوگئے ہیں اور فرار کے راستے تلاش کررہے ہیں ،کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کا آپریشنل نظام تباہ اور بڑی تعداد میں اسلحے کے ذخائر بھی تباہ کیے گئے ہیں۔

چار روز سے جاری آپریشن میں دہشت گردوں سے شمالی وزیرستان کے40فیصد سے زائد علاقے کو خالی کرالیا گیا ہے ، پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی جدید اور موثر حکمت عملی کے سبب مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ، جھڑپوں کے دوران200 سے زائد دہشت گردوں کو ماردیا گیا ہے۔ ادھر شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک اور میرعلی میں کرفیو میں نرمی کی گئی ہے جس کے بعد لوگوں نے علاقوں سے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق نقل مکانی کرنیوالے لو گوں کوٹرانسپورٹ کی سہولیات نہ ہونے کے باعث مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تحصیل رزمک کے لو گ ایشاچیک پوسٹ اورمیرعلی کیلوگ کھجوری چیک پوسٹ پررجسٹریشن کے بعد روانہ ہورہے ہیں۔