ملک کی اندرونی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیراعظم نواز شریف،سانحہ لاہور پر عدالتی ٹربیونل قائم کردیا ، رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کا تعین اور ان کیخلاف فوری کارروائی کی جائے گی، بیا ن

جمعرات 19 جون 2014 07:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جون۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی اندرونی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے ،سانحہ لاہور پر عدالتی ٹربیونل قائم کردیا ہے ، اس کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کا تعین اور ان کیخلاف فوری کارروائی کی جائے گی ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے لاہور سانحہ میں ضائع ہونے والی جانوں پرانتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ایک ریاست کی حیثیت سے پاکستان اس وقت ایک نہیں دو جنگیں لڑ رہا ہے ایک طرف ہماری افواج دہشتگردی کی آفریت سے نبرد آزما ہیں اور دوسری طرف ہمیں تباہ حال معیشت کو دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ایسی صورتحال میں ہم کسی کو ملک کی اندرونی امن و سلامتی کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے اور نہ ہی دینگے ۔ وزیراعظم نے اس سانحہ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے ہائی کورٹ ٹربیونل قائم کردیا ہے ۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا ہے کہ عدالتی ٹربیونل کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کا فوری تعین ہوگا اور ان کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی ۔