شمالی وزیرستان میں شہید فوجی جوانوں کی میتیں بنوں منتقل، نماز جنازہ ادا کردی گئی

منگل 17 جون 2014 08:28

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء) شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید 6 فوجی جوانوں کی میتیں بنوں چھاوٴنی منتقل کردی گئیں، شہداء کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی۔گزشتہ روز پاک فوج کا ایک قافلہ پاک افغان سرحد پر جارہا تھا کہ تحصیل غلام خان کے علاقے بانگی در میں دہشتگردوں کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگ کا نشانہ بن گیا۔

(جاری ہے)

واقعہ میں شہید ہونیوالوں میں نائب صوبیدار عالمگیر، نائیک امان، لانس نائیک زاہد، سپاہی نظر گل، سپاہی اختر علی اور سپاہی بشیر شامل ہیں، ان شہداء کی میتیں بنوں چھاوٴنی منتقل کی گئیں جہاں نماز جنازہ میں بریگیڈیئر کمانڈر اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔دھماکے میں زخمی 3 اہلکاروں کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ شہداء کی لاشیں آبائی علاقوں کو منتقل کی جارہی ہیں۔