حکومت کا دہشت گردی کیخلاف آپریشن میں میڈیا کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ ،الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی جائے گی‘ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید

منگل 17 جون 2014 08:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردی کیخلاف آپریشن میں میڈیا کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے‘ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی جائے گی‘ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممکنہ اقدامات کے بعد آپریشن ناگزیر بنا ہے اسلئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے حوالے سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو اعتماد میں لیا جائے اور جلد ہی وزیراعظم الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کریں گے۔

امید ہے کہ میڈیا قومی امنگوں کا ترجمان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والے جلد اپنے انجام تک پہنچ جائیں گے۔ قوم و ملک دشمنوں کیساتھ دشمنوں جیسا سلوک ہی کیا جائے گا۔