ضرب عضب:شمالی وزیرستان میں مزید34دہشتگرد ہلاک،8سیکورٹی اہلکار شہید، شمالی وزیرستان ایجنسی میں منصوبے کے تحت آپریشن جاری ہے،دہشتگردوں کے مواصلاتی مراکز میں سے بڑے مرکز کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے، آئی ایس پی آر، آپریشن بہادر قبائل نہیں، ریاست دشمن دہشتگردوں کے خلاف ہے، جنرل راحیل شریف

منگل 17 جون 2014 08:12

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء )سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی ایجنسی کے علاقے شوال میں فضائی حملوں میں27 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کل شمالی وزیرستان میں دیگان اور بویا میں فضائی حملے انتہائی کامیاب رہے جس میں ایک سو چالیس دہشتگرد مارے گئے جن میں زیادہ تر ازبک اور اسلامک ترکمانستان موومنٹ کے ارکان تھے۔

سیکورٹی فورسز نے پیر کے روز مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے چھ ٹھکانے بھی تباہ کردیے۔دہشتگردوں کے مواصلاتی مراکز میں سے بڑے مرکز کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں منصوبے کے تحت آپریشن جاری ہے۔ شہری آبادی والے علاقوں میں ابھی تک آپریشن شروع نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

شمالی وزیرستان کو اس کی دوسری ایجنسیوں کے ساتھ سرحد پر فوج تعینات کرکے الگ کردیا گیا ہے تاکہ دہشتگردوں کی کسی بھی نقل و حرکت کو روکا جاسکے۔

فوجیوں نے دہشتگردوں کے تمام ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ میر علی اور میرانشاہ کا بھی محاصرہ کرلیا گیا ہے جبکہ گذشتہ رات میر علی کے گرد و نواح میں فرار ہونے والے سات دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ سپیشل سروسز گروپ نے ایک الگ کارروائی میں تین دہشتگروں کو ہلاک کردیا جو میرانشاہ کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کر رہے تھے۔

پاک افغان سرحد پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ علاقے سے فرار ہونے والے دہشتگردوں کو پکڑا جاسکے۔

گذشتہ رات میر علی کے گرد دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی زخمی ہوئے۔ بنوں میں آئی ڈی پی کیمپ اور رجسٹریشن پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔دریں اثناء شمالی وزیرستان ایجنسی میں فوجی آپریشن اور صوبے میں اس کے متوقع نتائج کے تناظر میں خیبرپختونخوا کی حکومت نے صوبے بھرمیں تمام ہسپتالوں اور صحت کے دوسرے اداروں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔

عملے کی چھٹیاں بھی فوری طور پر منسوخ کردی گئی ہیں۔محکمہ صحت نے تمام ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ خصوصاً ہنگامی شعبے میں عملے کی دستیابی یقینی بنائیں۔

ادھرشمالی وزیرستان میں فوجی حصار سے نکلنے کی کوشش میں7دہشتگرد ہلاک ہو گئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق شام 5بج کر 45منٹ پر فوجی حصار سے نکلنے کی کوشش میں فائرنگ سے7دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دو طرفہ فائرنگ میں2فوجی جوان بھی شہید ہو گئے ۔

جبکہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ ، چار اہلکار شہید ، پانچ زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کا قافلہ شمالی وزیرستان میں جارہا تھا کہ پاک افغان سرحد پر غلام خان ، ہانگی روڈ پر سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے قافلے میں شامل 6 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا

دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردوں اور ان کی کمین گاہوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ”ضرب عضب“ شروع کیا گیا ہے‘ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کردیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پیر کو اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی اور وار کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔انہوں نے ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال خاص طور پر شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے بارے میں تفصیلی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردوں اور ان کی کمین گاہوں سے پاک کرنے کیلئے شمالی وزیرستان میں آپریشن ”ضرب عضب“ شروع کیا گیا ہے تاکہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرکے دہشت گردی کی لعنت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیا جائے گا۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمی ہیڈ کواٹر پشاور کا دورہ کیا ، پاک فوج کے شبعہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے پیر کے روز ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا جہا ں نہیں آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ، جنرل راحیل شریف نے جاری آپریشن میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام دہشتگروں اور ان کی پناہ گاہوں کو بغیر کسی امتیازی سلوک کے ختم کر دیا جائیگا،آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن شمالی وزیرستان کے ہمارے بہادر قبائل کے خلاف نہیں بلکہ ان دہشتگردوں کیخلاف ہے جوشمالی وزیرستان ایجنسی پر مسلط ہیں اور ریاست کے خلاف ہتھار اٹھائے ہوئے ہیں، آرمی چیف نے تمام متعلقین کو ہدایت کی کہ آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز کے حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھا ئے جائیں ،آرمی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم خصوصی طور پر بہادر قبائل کے تعاون اور حمایت سے آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ ہمکنار ہوگا ۔