قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے، ضرورت پڑنے پر قوم بھی جان دینے سے گریز نہیں کرے گی، الطاف حسین ، اہم تنصیبات کی حفاظت کیلئے سب کو الرٹ رہنا ہوگا، فوج اشارہ کرے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ،آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ،نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 16 جون 2014 08:41

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جون۔ 2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے۔ ضرورت پڑنے پر قوم بھی جان دینے سے گریز نہیں کرے گی۔ اہم تنصیبات کی حفاظت کیلئے سب کو الرٹ رہنا ہوگا، فوج اشارہ کرے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے فیصلے پر مسلح افواج اور حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں قوم کا بچہ بچہ مسلح افواج کے جوانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں سنجیدگی اختیار کریں۔ ہمیں بیرونی اور اندرونی محاذ پر کڑی نظر رکھنا ہوگی ایم کیو ایم کی طرف سے فوج کو غیر مشروط پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت تمام بڑے شہر اور ان میں اہم تنصیبات اور ادارے ہیں وہاں کی مقامی انتظامیہ ان کی حفاظت کیلئے چوکس ہوجائین اور غفلت نہ کریں اب دہشت گرد شہروں کا رخ کریں گے اور شہریوں اور تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے پوری قوم کو اب چوکس رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی کمیٹیاں بزرگوں کی نگرانی میں قائم کی جائیں تاکہ قومی تنصیبات کی نگرانی ہوسکے اور مشکوک افراد کی اطلاع مقامی پولیس اور انتظامیہ کو دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلح افواج کے ایک اشارے پر ہر قربانی کیلئے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ تمام لوگ ایک صفحے پر آجائیں اور مسلح افواج کا ساتھ دیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے آپریشن کا فیصلہ درست کیا ہے یہ دیر سے سہی لیکن درست ہے ،ہماری دعا ہے کہ آپریشن کامیابی سے ہمکنا رہو ۔