شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے، خواجہ آصف،مذاکرات کے تقدس کو پامال کیا گیا ،دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے، وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے،آپریشن کا ردعمل آسکتا ہے، قوم کو تیار رہنا ہوگا،قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے ،جلد خوشخبری سنے گی ،میڈیا سے گفتگو

پیر 16 جون 2014 08:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جون۔ 2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا، مذاکرات کے تقدس کو پامال کیا گیا دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے،نقل مکانی کرنے والوں کو سنبھالنے کیلئے تیار ہیں ردعمل کیلئے قوم کو تیار رہنا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا گیا ، آپریشن وقت کی ضرورت ہے ہم نے مذاکرات کے زریعے بھی مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی تاہم مذاکرات کے تقدس کو پامال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پوری قوم کا فیصلہ ہے اس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے ‘ مذاکرات کے ساتھ ساتھ آپریشن پر بھی غور ہورہا تھا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے کہاکہ آپریشن سے لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑے گی، ہم نقل مکانی کرنے والوں کو سنبھالنے کیلئے تیار ہیں ہم جلد آپریشن مکمل کرکے لوگوں کو اپنے گھروں کو بھجوانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کا ردعمل آسکتا ہے، اس کیلئے بھی ہم تیار ہیں قوم کو بھی تیار رہنا ہوگا۔ ہمارے سکول ‘ بازار‘ مساجد‘ چرچ‘ غیر محفوظ ہوچکے تھے۔ اب فیصلہ کن جنگ کا آغاز کردیا ہے اپنی سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کریں گے، آپریشن کی تفصیلات ابھی نہیں بتا سکتا وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے۔ پاک فوج دشمنوں کا بہادری سے مقابلہ کرے گی ،پوری پاکستانی قوم اور سیاستدان پا ک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ، دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچانے تک آپریشن جاری رہے اور آپریشن جتنا جلدی ہوسکے ختم کریں گے اور قوم جلد خوشخبری سنے گی ۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آپریشن کا فیصلہ قوم کی خواہشات کا مظہر ہے ، امید ہے مشکلات کے باوجود آپریشن کامیاب ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تو اس میں آپریشن کا بھی آپشن تھا، مذاکرات میں ناکام ہونے پر آپریشن تھا جو ہم نے شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے بغیر آپریشن نہیں کر سکتے امن و امان کا قیام صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے‘ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تیار ہیں پاکستان کی سرزمین سے فتنے کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیں گے انہوں نے کہا کہ آپریشن میں تمام افواج حصہ لے رہی ہیں ۔