ماہ صیام کے دوران سحر، افطار ،نماز تراویح کے وقت لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی،عابد شیرعلی ، پاور کمپنیوں میں کرپشن یاکام چوری کی کوئی گنجائش نہیں، کوئی افسر یااہلکار ملوث پایاگیاتو کسی صورت معاف نہیں کیاجائیگا، عوامی مسائل کاحل اولین ترجیح ہے ،وزیر اعظم نوا ز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، زرعی ، گھریلو صارفین کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کاسلسلہ شروع کردیاہے، اگلی کھلی کچہری سوات میں لگائی جائے گی،فیصل آباد میں کھلی کچہری سے خطاب

اتوار 15 جون 2014 08:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جون۔2014ء ) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاور کمپنیوں میں کرپشن یاکام چوری کی کوئی گنجائش نہیں اس لئے اگر کسی افسر یااہلکار کو کرپشن میں ملوث پایاگیاتواسے کسی صورت معاف نہیں کیاجائیگا۔ کھلی کچہریوں کا مقصد خود کو عوام کی عدالت میں پیش کرنا ہے کیونکہ ہم عوام کے نمائندے اور عوام کیلئے ہی ہیں لہٰذاعوامی مسائل کاحل ان کی اولین ترجیح ہے ،وزیر اعظم محمد نوا ز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، زرعی ، گھریلو صارفین کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کاسلسلہ شروع کردیاہے، ماہ صیام کے دوران سحر، افطار ،نماز تراویح کے وقت لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی تاہم اگر کسی جگہ پر مذکورہ احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اس کے ذمہ دارہوں گے ، جبکہ ایبٹ آباد کے بعدگذشتہ روزسرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں کھلی کچہری کاانعقاد کیاگیا جس میں صارفین نے بجلی کے متعلق اپنی شکایات وفاقی وزیر کو پیش کیں جس پر انھوں نے شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات صادر کئے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اوراس دوران142 افراد نے اپنے مسائل کے سلسلہ میں درخواستیں پیش کیں اور مختلف سوالات بھی کئے۔

وزیر مملکت نے کہاکہ اگلی کھلی کچہری سوات میں لگائی جائے گی اور اسی طرح ہر ضلع میں بھی کھلی کچہریاں لگا کر براہ راست عوامی مسائل حل کئے جائیں گے۔ کھلی کچہری سے خطاب کے دوران انہوں نے عوامی شکایات کو انتہائی تحمل کے ساتھ سننے کے علاوہ بہت سی درخواستوں پرموقع پر ہی احکامات جاری کئے جبکہ بعض درخواستیں مزید کاروائی کیلئے انہوں نے اپنے پاس رکھ لیں اور شکایت کنندگان کو ان کے فوری ازالہ کا یقین دلایا۔

کھلی کچہری کے موقع پر چیف ایگزیکٹو فیسکو خورشید عالم ، چیئرمین فیسکو بورڈآف ڈائریکٹر ز خرم مختار ، ممبران قومی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری ، میاں عبدالمنان ، میاں محمد فاروق، ممبر صوبائی اسمبلی طاہر جمیل اور دیگراہم صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، عوامی ، سیاسی شخصیات بھی بڑی تعدادمیں موجود تھیں۔ دریں اثناء کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے ہزاروں افراد نے اس اقدام کو انتہائی خو ش آئند قرار دیا اور کہاکہ کھلی کچہریوں میں جہاں براہ راست صارفین اپنے مسائل وزیرمملکت کو پیش کرسکے ہیں وہیں بروقت ان کا تدارک بھی یقینی بنایاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :