شیخ رشید احمد نے ٹرین مارچ کے لیے عوامی ایکسپریس میں 300سیٹیں فراہم کرنے کی پیشکش قبول کرلی ،پر امن ٹرین مارچ کے شروع سے اختتام تک کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی زمہ دار حکومت خود ہوگی ،پاکستان ریلوے کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے ،ٹرین مارچ ہمارا جمہوری حق ہے ، لال حویلی کے باہر معززین علاقہ کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 14 جون 2014 07:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جون۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلویز راولپنڈی ڈویثرن کی جانب سے 20جون کو راولپنڈی سے چلنے والی عوامی ایکسپریس میں 300سیٹوں کی پیشکیش قبول کر تے ہوئے کہا ہے کہ پشاور سے لاہور تک مختلف شہروں سے ٹرین مارچ کے شرکاء کی ٹکٹیں حاصل کی جا رہیں ہیں ،پر امن ٹرین مارچ کے شروع سے اختتام تک کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی زمہ دار حکومت خود ہوگی ،پاکستان ریلوے کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے ،ٹرین مارچ کرنا ہمارا جمہوری حق ہے ۔

وہ جمعہ کی سہ پہر لال حویلی کے باہر معززین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔عوامی مسلم لیگ کے راہنما شیخ راشد شفیق ،سٹی جنرل سیکرٹری آصف شہزاد مغل ،عوامی انجمن تاجران کے صدر پرویز اقبال پراچہ ،یوتھ ونگ کے قیصر سہیل ،سابق ناظمین سردار رضا اسلم ،بشیر خان ،ترجمان لال حویلی شیخ امین ،راجہ امتیاز کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جمعہ کو ڈویثرنل سپریٹنڈنٹ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویثرن نے فون کر کے مطلع کیا ہے کہ پاکستان ریلوے کے اعلی حکام کی مشاورت کے بعد ٹرین مارچ کے لیے راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے 300سٹیں فراہم کرنے کی پیشکیش کی جسے ہم نے قبول کر لیا ہے ،ہمارا پہلے دن سے یہ ہی موقف تھا کہ عوامی مسلم لیگ کا ٹرین مارچ عوامی ایکسپریس کے زریعے ہی ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہعوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کو منی ٹرین مارچ کہنے والے اتنے خوفزدہ ہیں کہ روز خود کیے گئے فیصلے بدل رہے ہیں ، عوامی مسلم لیگ کے کارکنان نے پشاور ،گوجر خان ،گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں سے ٹرین مارچ کے لیے ٹکٹ حاصل کررہے ہیں ۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں جاری بجلی ،گیس کے بحران ،امن امان کی بگڑی ہوئی صورتحال ،لاقانونیت ،جمہوریت کے نام پر عوام دشمن پالسیوں کے خلاف عوامی مسلم لیگ کا 20جون کا ٹرین مارچ کسی صورت نہیں رکے گا ،حکومت نے کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی خود ہی زمہ دار ہوگی ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر ریلوے سستی شہرت کے لیے میڈیا پر یہ بیان دے رہے ہیں کہ ہمارا ٹرین مارچ منی ٹرین مارچ ہوگا ،اگر یہ ٹرین مارچ واقعہ ہی منی ٹرین مارچ ہے تو گھبرانے اور پریشان ہونے کی کیا ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کا پہلا پڑاؤ لاہور ہوگا ،ٹرین مارچ کے دوسرے مرحلہ کا اعلان 25جون کو کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ اپنے جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے ٹرین مارچ کا حق رکھتی ہے اور 20جون کو انشاء اللہ ہر صورت میں عوامی ایکسپریس سے ٹرین مارچ ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :