انفراسٹرکچر کی ترقی فعال معیشت کیلئے لازم و ملزوم ہے،وزیراعظم، ملک میں مزید چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی،چینی اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن اور چائنہ پاور کمپنی کے وفود سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 14 جون 2014 07:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جون۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے انفراسٹرکچر کی ترقی کو ملک کی فعال معیشت کے لئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایسے منصوبوں میں چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بات چینی اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن اور چائنہ پاور کمپنی کے وفود سے جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چائنہ پاور کمپنی کا وفد اس کے چیف اکانومسٹ لیو منگ جیانگ، صدر پاور چائنہ وو وین ہاؤ، ڈویڑن چیف پاور چائنہ اوورسیز پینگ ڑو جبکہ چینی اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن کا وفد اس کے نائب صدر، چیف ایگزیکٹو اوورسیز آپریشنز چین گو چائی، تیسرے بیورو کے صدر ڑائی وین کوآن اور تیسرے بیورو کے نائب صدر ڑانگ چیاؤ جیان پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

چینی اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر کے مختلف منصوبوں میں اپنی دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے دنیا بھر میں انفراسٹرکچر منصوبوں کی تعمیر میں کارپوریشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی ملک کی فعال معیشت کے لئے لازم و ملزوم ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کارپوریشن کو پاکستان میں منصوبوں میں سہولت دے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں مزید چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ ملک میں سرمایہ کاری لا کر پاکستان کی معیشت کو تقویت دینا وقت کی ضرورت ہے۔

چائنہ پاور کے وفد نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچہ اور ترقیاتی منصوبوں میں کمپنی کی طرف سے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاور چائنہ پورٹ قاسم اور گڈانی میں بالترتیب 660 میگاواٹ کے دو بجلی گھروں سمیت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے توانائی جزو میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی معیشت کو تقویت دینے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔