وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ،اقتصادی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ، عالمی بینک کی جانب سے مالی تعاون پر وزیراعظم کی اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد ، عالمی بینک کی طرف سے قرض پر کوئی سود نہیں صرف 2فیصد انتظامی فیس ہے،70کروڑ ڈالر میں سے 60کروڑ داسو جبکہ 10کروڑ سندھ کے آبپاشی نظام پر خرچ ہونگے ، اسحاق ڈار

جمعرات 12 جون 2014 08:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جون۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات ، اقتصادی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ، عالمی بینک کی جانب سے مالی تعاون پر وزیراعظم کی اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ۔

دوطرفہ ملاقات میں ملک کی اقتصادی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے داسو ڈیم منصوبے کیلئے عالمی بینک کی طرف سے ملنے والے مالی تعاون کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک کی طرف سے 70 کروڑ ڈالر کا مالی تعاون اہم کامیابی ہے مالی تعاون پاکستان کی معیشت پر عالمی اداروں کے اعتماد کا اظہار ہے ۔

وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ عالمی بینک کی طرف سے قرض پر کوئی سود نہیں ہے صرف دو فیصد انتظامی فیس ہے وزیراعظم نے عالمی بینک کی طرف سے مالی تعاون ملنے پر وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ عالمی بینک کی طرف سے ستر کروڑ ڈالر میں سے ساٹھ کروڑ ڈالر داسو منصوبے پر جبکہ دس کروڑ ڈالر سندھ کے آبپاشی نظام پر خرچ ہوں گے ۔