قومی اسمبلی میں بجٹ پر عام بحث جاری ، اپوزیشن اراکین نے بجٹ کو الفاظ کا گورکھ دھندہ قرار دے دیا جبکہ حکومت نے مکمل طور پر عوامی بجٹ قرار دے دیا ہے، عمران خان کیخلاف سخت الفاظ استعمال کرنے پر تحریک انصاف کا ایوا ن میں احتجاج ، تنقید برداشت کرنے کا مادہ رکھتے ہیں غیر پارلیمانی الفاظ کہے تو جواب کے حق محفوظ ر کھتے ہیں ، شاہ محمود قریشی،پیپلز پارٹی سے لاکھ اختلاف سہی انہوں نے کسی کو بے روزگار نہیں کیا،شیخ رشید،حکومت میں فیصلہ کی ہمت نہیں ، مذاکرات پر کوئی ٹھوس پالیسی نہیں اپنائی گئی، موجودہ دور میں ایک آدمی بھرتی نہیں کیا گیامگرسول ایوی ایشن میں خدمتگار کو سربراہ لگادیا گیا، تعلیم و صحت کیلئے خاطر خواہ رقم مختص ہونی چاہیے تھی جو نہیں رکھی گئی، نفیسہ عنایت، عمران خان بنی گالہ میں بتائیں کہ کتوں کو روزانہ کتنے کا کھانا کھلاتے ہیں،عمر ایوب، قومی اسمبلی میں بجٹ 2014-15ء پر بحث

جمعرات 12 جون 2014 08:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جون۔2014ء) قومی اسمبلی میں بجٹ پر عام بحث جاری ، اپوزیشن اراکین نے بجٹ کو الفاظ کا گورکھ دھندہ قرار دے دیا جبکہ حکومت نے مکمل طور پر عوامی بجٹ قرار دے دیا ہے ، عمران خان کیخلاف سخت الفاظ استعمال کرنے پر تحریک انصاف کا ایوا ن میں احتجاج ، تنقید برداشت کرنے کا مادہ رکھتے ہیں غیر پارلیمانی الفاظ کہے تو جواب کے حق محفوظ ر کھتے ہیں ، شاہ محمود قریشی کا جواب ، عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان بتائیں بنی گالہ میں کتوں کو کتنے کا کھانا کھلاتے ہیں ،تحریک انصاف کی نفیسہ عنایت اللہ خٹک نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے لیے بجٹ میں خاطر خواہ رقم مختص ہونی چاہیے تھی جو نہیں رکھی گئی غربت کی وجہ سے ملک بھر سے زیادہ تر بچے زیور تعلیم سے محروم ہیں ۔

عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک بھر کے انگلش میڈیم لوگ کہہ رہے ہیں کہ بجٹ جعلی ہے اور گردشی قرضہ چار سو ارب تک پہنچ چکا ہے ۔

(جاری ہے)

نندی پرو پراجیکٹ تیل سے چلنا تھا مگر اس کو گیس سے چلایا جارہا ہے جس سے گوجرانوالہ کے لوگوں کو گیس نہیں مل رہی ۔ حکومت نے آئی ایم ایف کے دس ارب ڈالر قرضہ لیا اور ملک میں بے روزگاروں کا اضافہ ہوا پیپلز پارٹی سے لاکھ اختلاف سہی انہوں نے کسی کو بے روزگار نہیں کیا ۔

حکومت میں فیصلہ کرنے کی ہمت نہیں ہے اور مذاکرات کے حوالے سے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں اپنائی گئی ہے ۔ موجودہ دور میں ایک بھی آدمی کو بھرتی نہیں کیا گیا جبکہ سول ایوی ایشن میں خدمتگار کو سول ایوی ایشن کا سربراہ تعینات کیا گیا وہ کہیں پر چپڑاسی نہیں لگ سکتا ، طاہر اقبال نے کہا کہ موجودہ حالات میں پیش کیا گیا بجٹ بہترین ہے تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی سے نو لاکھ افراد کو روزگار ملے گا

جبکہ تحریک انصاف کے رکن ناصر خان نے کہا کہ بجٹ میں خیبر پختونخواہ کو نظر انداز کردیا گیا ہے سیلز ٹیکس کو م مقامی صنعت کو فروغ اور غیر ملکی تمباکو پر پابندی لگائی جائے ۔

بدھ کو بجٹ 2014-15ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایکنک نے اڑتالیس ارب روپے بعد میں پاس کئے پہلے کام شروع کیا ملک کی ترقی اور سیاست ایک خاندان کا نام ہے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو بس سے دہشتگرد راکٹ لانچر چلا کر ائرپورٹ کو ہٹ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آلو اور کیلا مہنگا جبکہ راکٹ لانچر اور ہینڈ گرنیڈ سستا ہے انسان کی جان سستی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا میں کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کرنی چاہیے تھی جبکہ وزیراعظم نے انڈیا کی اداکاراؤں اور نوید جرال سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اساتذہ پر ربڑ کی گولیاں پھینکی ہیں بجلی ، گیس چینی سمیت بارہ اشیاء غریبوں کو چاہیے ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ہیں حکومت ٹیکس غریب آدمی سے وصول کررہی ہے اور یہ بجٹ امیر آدمی کیلئے ہے ۔

مسلم لیگ (ن) کے عمر ایوب نے کہا کہ بجٹ میں ہیرا پھیری نہیں کی گئی جس وجہ سے پیپلز پارٹی کو پریشانی کا سامنا ہے اور ان کے دور حکومت میں معیشت کو لیز پر دیدیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں افراط زر 13 فیصد پر چلا گیا تھا اور روپے کی قدر روز بروز گزر رہی تھی جس کو موجودہ حکومت نے سہارا دے کر روپے کی قدر میں اضافہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پخونخواہ میں مہنگائی پر کوئی کنٹرول نہیں ہے اور صوبے کا 75فیصد بجٹ واپس ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں میگا پراجیکٹ لگارہے ہیں جس سے 16564 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کرے گی ۔ عمران خان بنی گالہ میں بتائیں کہ کتوں کو روزانہ کتنے کا کھانا کھلاتے ہیں تحریک انصاف کے تھینک ٹینک میں (ق) لیگ کی روح گھوم رہی ہے ۔

پیپلز پارٹی کے میر اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے وفادار ایک دوسرے پر تنقید کرتے تو بات سمجھ میں آتی جو فصلی بٹیرے باتیں کریں تو خدا کی شان ہے، پرویز مشرف کو لوٹوں نے مضبوط کیا اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بجٹ پر کنفیوژن ہے اپوزیشن حکومت کے ساتھ ہے تلخ فیصلے کرنا ہونگے ۔ مسلم لیگ (ن) کے میجر ریٹائرڈ طاہر اقبال نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے ثمرات آئندہ دس سال بعد برآمد ہونگے اور گزشتہ پندرہ سال سے ملک کو دہشتگردوں کا سامنا ہے شہداء نے قربانی دے کر ائرپورٹ کو محفوظ بنایا ہے پوری قوم کو اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنی چاہیے اور ملک کی حفاظت کیلئے دعا مانگنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں مہنگائی کم ہو اور زمیندار کو سہولیات ملیں پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان کو کئی بلین ڈالر کا فائدہ ہوگا اور اس سے نو لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری مزید موثر بنانے کے لیے حکومت کام کررہی ہے پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا بہت بڑا کردار ہے اس لئے انہیں ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے دو سو ارب روپے رکھے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اتنے غریب لوگ نہیں ہیں اب بھی کولڈ ڈرنک پیتے ہیں وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد ہسپتال کی صورتحال کو بہتر کرینگے ۔

جماعت اسلامی کے شیر ا کبر خان نے کہا کہ حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرے اور ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے حکمرانوں کو جہاد کرنا ہوگا پیپلز پارٹی کے ایاز سومرو نے کہا کہ بجٹ لفظوں کا جمع خرچ ہے اس کے سوا بجٹ میں کچھ نہیں ہے پختونخواہ میپ کے عبدالرحیم مندوخیل نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں سابق فوجی آمر ضیاء الحق دور کی مرہون منت ہے پارلیمنٹ نے اٹھارہویں ترمیم منظور کی جو آج تک کسی نے نہیں کیا ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوگا جو وقت کی اہم ضرورت ہے حکومت موجودہ ڈیموں پر خرچ کرے تاکہ ملک میں پانی کی کمی کا سامنا ہے ایم کیو ایم کی طاہرہ آصف نے کہا کہ بجٹ میں غریب عوام کے لئے کچھ نہیں رکھا گیا ہے ملک کی معیشت مضبوط کرنے کے لیے تین کروڑ عوام کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے اور کسٹم میں عہدوں کا ازسر نو جائزہ لیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ مسلم لیگ (ن) کی نگہت پروین نے کہا کہ وزیراعظم نے نامساعد حالات میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اور بہت اچھا بجٹ پیش کیا ۔ تحریک انصاف کے ناصر خان خٹک نے کہا کہ دہشتگردی کا بجٹ ہے اس میں غریب کو مزید غریب کرنے کا بجٹ ہے بجٹ میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کیا گیا ڈیموں پر کام مکمل نہیں ہوا ہے صرف لاہور میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں

مسلم لیگ نواز ملک پرویز نے کہا کہ داسو ڈیم پر پیش رفت ہونا بہت بڑی کامیابی ہے اور وزیر خزانہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

مسلم لیگ نواز کی حکومت نے مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا ہے ایک لاکھ لوگوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لائے ہیں چین کی 52ارب روپے کی سرمایہ کاری ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے حل کیلئے 80ارب روپے ، ریلوے کے لئے 70ارب روپے کی منظوری دیدی ہے اور صوبوں کے لیے 6501 ارب روپے رکھے ہیں ایکسپورٹ کی بڑھوتری کے لیے حکومت کو کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ٹریکٹرز کی چالیس ہزار روپے مجموعی قیمت کم ہوئی ہے اس کا فائدہ زراعت کو ہوگا ۔

ایم کیو ایم کے سید حسن شاہ نے کہا کہ بجٹ عوام دشمن بنایا گیا ہے ارکان اسمبلی عوام کی بات کرنے کی بجائے ذاتی مقاصد کے لیے بات کرتے ہیں وزیراعظم حیدر آباد آئیں میں ممبئی بیکری کا کیک اور حاجی کی دودھ کی ربڑی کھلاؤں گا شاہد اسی بہانے علاقے کی ترقی ہو۔ حکومت نے صحت کے شعبے کے لیے 64 ارب روپے ر کھے ہیں پیپلز پارٹی کی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خالی خزانے کے باوجود ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی ہیں موجودہ حکومت کو خزانہ بھرا ہوا ملا ہے پھر بھی شکر ادا نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے قوم کا پیٹ تھری جی اور فور جی سے نہیں بھرتا بجٹ صرف امیروں کے لئے ہے ۔