آئی آیس آئی کے القاعدہ رہنما کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے اسامہ آپریشن بارے پاکستان کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا،ہیلری کلنٹن

بدھ 11 جون 2014 07:23

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جون۔2014ء)سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسامہ بن لادن پر حملے بارے پاکستان کو پہلے آگاہ نہیں کیا تھا کیونکہ ہم جانتے تھے کہ آئی ایس آئی کے القاعدہ رہنما کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ”ہارڈ چوائسز“ میں سابق وزیر خارجہ نے لکھا ہے کہ حملے سے قبل صدر باراک اوباما اور اس وقت کے وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے متعدد جوابی امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا

جن پاکستان کی جانب سے رد عمل میں بھارت پر حملے کے امکان بارے بھی غور کیا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ بالآخر یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان کو حملے بارے آگاہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے فرنٹ لائن اتحادی کے ساتھ ہمارے تعلقات پہلے ہی مشکلات سے دو چار تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک خدشہ یہ بھی تھا کہ اگر ہم پاکستان کو اس بارے میں آگاہ کرتے ہیں تو پھر اسے آمادہ کرنے کے لئے مذاکرات میں خاصا وقت لگے گا جو کہ ہمارے لئے قابل قبول نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اسامہ کو مارنے کے بعد امریکہ القاعدہ کو مکمل شکست دینے میں تو کامیاب نہیں ہوتا یہ ایک بڑی کامیابی ضرور تھی۔