خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری، 25 دہشت گرد ہلاک،وادی تیراہ میں فضائی آپریشن کراچی ایئرپورٹ پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا

بدھ 11 جون 2014 07:10

خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جون۔2014ء) وادی تیراہ میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے 25 دہشت گرد ہلاک جب کہ شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے علی الصبح خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں پر بمباری کی۔

لڑاکا طیاروں کی مدد سے خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے نو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جسکے نتیجے میں شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ اور25 دہشت گرد ہلاک ہو گئے،اس کارروائی میں شدت پسندوں کے زیر استعمال بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ میں فضائی آپریشن کراچی ایئرپورٹ پر حملے اور حالیہ چند روز میں ہونے والی تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے یہ تازہ کارروائی ایک ایسے وقت کی گئی ہے جب اتوار کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شدت پسندوں نے حملہ کیا اور اس دوران سکیورٹی اہلکاروں سمیت 19 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ جوابی کارروائی میں 10 شدت پسند بھی مارے گئے۔اس حملے کی ذمہ داری کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔شدت پسندوں کی طرف سے حالیہ ہفتوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :