عوامی مسلم لیگ کا 20جون کا ٹرین مارچ عوامی ایکسپریس کے زریعے ہی ہوگا ،شیخ رشید احمد، ٹرین مارچ کو منی ٹرین مارچ کہنے والے اتنے خوفزدہ ہیں کہ راولپنڈی سے عوامی ایکسپریس کے ٹکٹوں کے اجراء پر بھی پابندی لگا دی ہے ،صحافیوں سے گفتگو

منگل 10 جون 2014 07:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلویز کی جانب سے متبادل ٹرین فراہم کرنے کی تجویز مسترد کر تے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کا 20جون کا ٹرین مارچ عوامی ایکسپریس کے زریعے ہی ہوگا ،عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کو منی ٹرین مارچ کہنے والے اتنے خوفزدہ ہیں کہ راولپنڈی سے عوامی ایکسپریس کے ٹکٹوں کے اجراء پر بھی پابندی لگا دی ہے ، عوامی مسلم لیگ کے کارکنان نے پشاور ،گوجر خان ،گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں سے ٹرین مارچ کے لیے ٹکٹ حاصل کر لیے ہیں ۔

پیر کی سہ پہر راولپنڈی لال حویلی میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں جاری بجلی ،گیس کے بحران ،امن امان کی بگڑی ہوئی صورتحال ،لاقانونیت ،جمہوریت کے نام پر عوام دشمن پالسیوں کے خلاف عوامی مسلم لیگ کا 20جون کا ٹرین مارچ کسی صورت نہیں رکے گا ،حکومت نے کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی خود ہی زمہ دار ہوگی ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر ریلوے سستی شہرت کے لیے میڈیا پر یہ بیان دے رہے ہیں کہ ہمارا ٹرین مارچ منی ٹرین مارچ ہوگا ،اگر یہ ٹرین مارچ واقعہ ہی منی ٹرین مارچ ہے تو گھبرانے اور پریشان ہوکر پابندیاں لگانے کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ نے میڈیا نمائندوں کے لیے 68ٹکٹوں کے لیے ریلوے سے رجوع کیا تھا لیکن اس کا جواب بھی کوئی نہیں آیا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کا پہلا پڑاؤ لاہور ہوگا ،راستے میں مختلف سٹیشنوں پر عوام کا ٹھاٹے مارتا سمندر ٹرین مارچ کا استقبال کرے گا ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ اپنے جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے ٹرین مارچ ہر حال میں کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :