وزیراعلیٰ سے البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور ترک سفیر کی الگ الگ ملاقاتیں، مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال، میٹرو بس پراجیکٹ عوام کیلئے قومی وسائل کے بہترین استعمال کی اعلیٰ مثال ہے:شہبازشریف،راولپنڈی اسلام آبادمیٹرو بس پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ، ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بس کے منصوبے شروع کر رہے ہیں،ترکی کے تعاون سے صفائی کے جدید ترین نظام کو لاہور میں کامیابی کے بعد پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بڑھایا جا رہاہے،پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون آئندہ بھی جا ری رہے گا، ترک وفد، کراچی ائیرپورٹ پر حملے کی مذمت، سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

منگل 10 جون 2014 07:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے یہاں ترکی کے البراک گروپ آف کمپنیسز کے چیئرمین احمت البراک (Mr. Ahmet Albarak)کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مفید معاشی روابط میں بدل چکے ہیں۔

ترکی کے تعاون سے لاہور سے شروع کئے جانے والے صفائی کے جدید ترین نظام کو کامیابی کے بعد پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بڑھایا جا رہاہے۔ راولپنڈی اور مری شہر میں صفائی کے جدید نظام کیلئے ترک کمپنی البراک سے معاہدہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکی کے تعاون سے لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ انتہائی کامیابی سے عوام کو معیاری اور باکفایت سفری سہولتیں فراہم کر رہا ہے جبکہ راولپنڈی اسلام آبادمیٹرو بس پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اسی طرح پنجاب حکومت ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بس کے منصوبے شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کا منصوبہ عام اور غریب آدمی کیلئے شروع کیا گیا ہے اور میٹرو بس پراجیکٹ عوام کیلئے قومی وسائل کے بہترین استعمال کی اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر البراک گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہو رمیٹرو بس پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کارنامہ ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی سبطین فضل حلیم اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن (Mr. Sadik Babur Girgin) نے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ زلزلہ ہو یا سیلاب، ترکی نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔

ترکی کے تعاون سے مظفرگڑھ میں جدید سہولتوں سے مزین ہسپتال مکمل ہو چکا ہے۔مظفرگڑھ ہسپتال کو ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ طیب اردگان ہسپتال میں علاج معالجے کی مفت سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور رواں ماہ یہ ہسپتال فنکشنل ہو جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام کے مابین محبت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ ترک وفد نے کراچی ائیرپورٹ پر حملے کی مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کی جرأت کو خراج تحسین پیش کیا۔