پاکستان کے تمام قیمتی اثاثے محفوظ ہیں ، چوہدری نثار ،10دہشت گرد ائیر پورٹ میں داخل ہوئے 7دہشت گرد ہلاک جبکہ3دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ، صوبائی حکومت کو شہر میں ممکنہ دہشت گردی کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیاتھا اس کے باوجود دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی قابل افسوس ہے،کراچی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت

منگل 10 جون 2014 07:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام قیمتی اثاثے محفوظ ہیں ،10دہشت گرد ائیر پورٹ میں داخل ہوئے 7دہشت گرد فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوئے جبکہ3دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ، صوبائی حکومت کو شہر میں ممکنہ دہشت گردی کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیاتھا لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی قابل افسوس ہے ۔

وہ پیر کو شب کراچی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔کراچی ایئر پورٹ پر ہونے والی دہشت گردی کے 22گھنٹے گذرنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پیر کی شب تقریبا8بجے کراچی ائیر پورٹ پہنچے ۔کراچی آمد کے فوری بعد اے ایس ایف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو واقعہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ ،ہینڈ گرنیڈ ،کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات تھیں ۔ کراچی ایئر پورٹ حملے میں اے ایس ایف کے 11اہلکار جاں بحق ہوئے ،اے ایس ایف کے افسروں اور جوانوں نے جوان مردی کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے جانوں کا نذرانہ دیکر ایئر پورٹ کا دفاع کیا، اپنی فورسز کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو شہر میں ممکنہ دہشت گردی کے حوالے سے آگاہی دئیے جانے کے باوجود دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی قابل افسوس ہے ۔اس واقع میں بہت سی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ پر جن دہشت گردوں نے حملہ کیا وہ حلیئے سے غیر ملکی لگتے ہیں جس سے یہ بات واضح ہے کہ وہ لوگ ایئر پورٹ اور یہاں پر موجود افراد کویرغمال بنانا چاہتے تھے ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا دہشت گردوں کی ملنے والی تمام باڈیز کا مکمل بائیومیٹرک ٹیسٹ ہوگا اور مکمل پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا ۔