تحریک انصاف لندن الائنس کا حصہ نہیں بنے گی کیونکہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں،شیریں مزاری ، حکومت نے رمضان کے آخر تک 4حلقوں میں ہمارے مطالبے کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ تصدیق نہ کروائی تو پھر تحریک انصاف حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرے گی، میڈیا سے گفتگو

پیر 9 جون 2014 07:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جون۔2014ء)تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے رمضان کے آخر تک 4حلقوں میں ہمارے مطالبے کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ تصدیق نہ کروائی تو پھر تحریک انصاف حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرے گی، تحریک انصاف لندن الائنس کا حصہ نہیں بنے گی کیونکہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان کے تمام اثاثہ جات ویب سائٹ پر موجود ہیں، میاں برادران سمیت تمام سیاستدانوں کو بھی اپنے اثاثے عوام کے سامنے لانے چاہئیں، کے پی کے میں سکول ریفارم پروگرام شروع کررہے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی پہلے چند سیشن تک غیر جانبدار تھے اب مکمل طور پر جانبدار ہو چکے ہیں، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یہاں بیٹ رپورٹرز کے ساتھ ملاقات کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقعہ پر سیکرٹری اطلاعات عندلیب سمیت دیگر بھی موجود تھے،

شیریں مزاری نے کہا کہ موجودہ وفاقی بجٹ میں امیروں اور بڑے سرمایہ داروں کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ عام اور غریب عوام کو کوئی ریلیف نہ دیا گیا ہے تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں کو کم کیا جائے اس سے نہ صرف چوری رک سکتی ہے اور ریکوری بھی ہو سکتی ہے، پنشنرز کو کم سے کم ویج سے لنک کیا جائے، 200بلین ڈالر جو بیرون ملک کے بنکوں میں موجود ہیں اس کو واپس لایا جائے، فارن انویسٹر اور لوکل انویسٹر پر ٹیکس یکساں لگایا جائے، عمران خان کے اثاثوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے تمام اثاثوں کی تفصیل وسیب سائیٹ پر موجود ہے، ان کی طرح میاں برادران اور دوسرے سیاستدان بھی اپنے اثاثے شو کروائیں، جلسوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کا ورکروں کا جوش دیکھتے ہوئے ہم وہ اتنی گرمی میں بھی جلسے کررہے ہیں جلسے ہم اس لئے کررہے ہیں جو 4 حلقوں میں دوبارہ ہمارے مطالبے کے مطابق ووٹوں کی گتنی کی جائے اگر رمضان کے آخر تک حکومت نے اس پر عمل نہ کیا تو پھر ہم کراچی کے جلسے کے بعد لانگ مارچ شروع کریں گے جو یا تو لاہور سے شروع ہو گا یا کراچی سے شروع ہو گا، رمضان کے دنوں میں ہم کوئی احتجاجی نہیں کریں گے، کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہاں پر بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کی وجہ سے التواء کا شکار ہوئے ہیں ہم کروانا چاہتے ہیں،

لندن الائنس کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے اور طاہر القادری کے ایجنڈے میں بہت فرق ہے ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور تحریک انصاف کسی لندن الائنس کا حصہ نہیں بنے گی، ہمارا اپنا ایجنڈا ہے، کے پی کے میں تعلیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم کے پی کے میں سکول ریفارم پروگرام شروع کررہے ہیں جس سے نظام تعلیم سب کے لئے یکساں دستیاب ہو گا، قومی اسمبلی کے متعلق انہوں نے بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی پہلے چند سیشن تک غیر جانبدار تھے اس کے بعد وہ مکمل طور پر جانبدار ہو چکے ہیں جب بھی ہم بولنا چاہتے ہیں تو ہمارے مائیک بند کروائے جاتے ہیں۔