منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے ٹرپ کر جانے والے 5 میں سے 3 یونٹ بحال کر دیئے گئے ،چوتھا یونٹ بھی جلد بحال کر دیا جائے گا ، پانچویں یونٹ کی بحالی کا کام بھی جاری ہے،یونٹس ٹرپ کر جانے سے پاور سٹیشن کی پیداوار میں 550 میگاواٹ کمی ہوئی ،330 میگاواٹ بجلی بحال کی جاچکی ہے،منگلا اِس وقت 885 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے ، چوتھے یونٹ کی بحالی سے بجلی کی پیداوار ایک ہزار میگاواٹ ہو جائے گی،منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے یونٹس آتش زدگی کی وجہ سے نہیں بلکہ پاور ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کی وجہ سے ٹرپ ہوئے : واپڈا ترجمان

پیر 9 جون 2014 07:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جون۔2014ء)واپڈاترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات تقریباً ساڑھے 12بجے منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے یونٹ نمبر4 کے پاور ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کی وجہ سے پاور سٹیشن کے پانچ یونٹس ٹرپ کر گئے۔ یونٹس ٹرپ کرنے کی وجہ آتش زدگی نہیں بلکہ فنی خرابی تھی ۔ یونٹس ٹرپ کر جانے کے فوراً بعد اُن کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا اور صرف 2 گھنٹے کے قلیل وقت میں دو یونٹس بحال کر دیئے گئے اور اُن سے بجلی کی پیداواردوبارہ شروع ہو گئی ۔

تیسرا یونٹ بھی آج دن تقریباً ساڑھے گیارہ بجے بحالی کے بعد بجلی کے قومی نظام سے منسلک کیا جاچکا ہے ۔چوتھے یونٹ کی مرمت کا کام جاری ہے اور اسے بھی آج رات 8 بجے تک بحال کر لیا جائے گا ،

جبکہ پانچویں یونٹ کی مرمت کا کام بھی کیا جا رہا ہے اور اس کی بحالی بھی جلد متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے پانچ یونٹس ٹرپ کر جانے سے بجلی کی پیداوار میں تقریباًساڑھے پانچ سو میگاواٹ بجلی کی کمی واقع ہوئی تھی ، جس میں سے آج ساڑھے گیارہ بجے دِن تک تقریباً 330 میگاواٹ بجلی بحال کی جاچکی ہے ۔

اِس وقت منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے تقریباً 885میگاواٹ بجلی پیداہو رہی ہے اور رات 8 بجے تک چوتھے یونٹ کی بحالی کے بعد منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار تقریباً ایک ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :