الطاف حسین دوبارہ جولائی میں برطانوی پولیس کے سامنے پیش ہونگے،ضمانت کے لئے کسی سے بھیک نہیں مانگی، الطاف حسین،باطل کے سامنے ہر جگہ حسینیت کھڑی ہو گی،حق اور سچ کی بات کہنے والوں کو کبھی نقصان نہیں ہوتا، آخری سانس تک حق کے لئے لڑتا رہوں گا، جان کی پرواہ نہیں،قائدایم کیو ایم ، معاملے میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے انتہائی مثبت کردار ادا کیا،ان کا شکر گزار ہوں اور انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرنے پر آصف زرداری سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتاہوں،منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد اظہارخیال، منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، الطاف حسین کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے، انھیں مقررہ تاریخ اور وقت پر پولیس سٹیشن آنا ہوگا‘ ترجمان اسکاٹ لینڈ پولیس،ناقدین متحدہ میں گروپ بننے کے خواب دیکھنا چھوڑدیں، فاروق ستار

اتوار 8 جون 2014 07:42

لندن،کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جون۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)کے قائد الطاف حسین اب جولائی میں برطانوی پولیس کے سامنے پیش ہوں گے تاہم پیشی کی تاریخ ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔اس دوران تفتیشی عمل جاری رہے گا۔برطانوی پولیس کی ویب سائٹ پر جاری برطانوی پولیس کے بیان میں کہاگیا ہے کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ساٹھ سالہ شخص جولائی تک ضمانت پرہے۔

معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ساٹھ سالہ شخص کو مقررہ تاریخ اور وقت پردوبارہ تھانے آنا ہوگا۔تاہم دوبارہ پیشی کی تاریخ ابھی ظاہر نہیں کی گئی۔ویب سائٹ پرمزید بتایا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ کے معاملے میں دو افراد پہلے سے زیر تفتیش ہیں اور وہ ستمبر تک ضمانت پرہیں۔اس سے قبل الطاف حسین چار دن اور تین راتیں برطانوی پولیس کی حراست میں رہے۔

(جاری ہے)

اسپتال سے چھٹی کے بعد نو گھنٹے ان سے تھانے میں بھی تفتیش کی گئی۔ ادھرایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ضمانت کے لئے کسی سے بھیک نہیں مانگی، حق اور سچ کی بات کہنے والوں کو کبھی نقصان نہیں ہوتا، آخری سانس تک حق کے لئے لڑتا رہوں گا۔ باطل کے سامنے ہر جگہ حسینیت کھڑی ہو گی ،

میڈیارپورٹس کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد لندن سے جاری اپنے پہلے بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ میرے خلاف تمام الزامات غلط ثابت ہونگے حق بات کہتا رہوں گا اس کے لیے جان بھی قربان کرسکتا ہوں۔

باطل کے سامنے ہر جگہ حسینیت کھڑی ہو گی، ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی اور کرتا رہوں گا، صبر سے کام لیا، رہائی کے لئے بھیک نہیں مانگی، آخری سانس تک حق کے لئے لڑتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ دوران حراست برطانوی پولیس کا رویہ اچھا تھا، کسی پاکستانی لیڈر کو بیرون ملک گرفتاری کا تجربہ نہیں یہ تجربہ صرف انہیں حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو وطن کی حفاظت کے لیے تین لاکھ رضا کار دینے کو تیار ہوں کارکن فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔

اپنے خطاب کے دوران الطاف حسین انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئے کہنے لگے کارکن دعا کریں اللہ تعالیٰ انہیں اے پی ایم ایس او والا الطاف حسین بنادے۔الطاف حسین نے کہا کہ ان کے معاملے میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے انتہائی مثبت کردار ادا کیا،ان کا شکر گزار ہوں اور انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں جبکہ اس مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرنے پر آصف زرداری سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب اسکاٹ لینڈ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، الطاف حسین کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے، انھیں مقررہ تاریخ اور وقت پر پولیس اسٹیشن آنا ہوگا۔واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کیس میں 3جون کو الطاف حسین کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا تاہم خرابی صحت کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 روز زیر علاج رہنے کے بعد 6 جون کو الطاف حسین کا تفصیلی طبی معائنہ کرکے انہیں ویلنگٹن اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور پھر صدرک پولیس اسٹیشن میں 9 گھنٹے کے طویل انٹرویو کے بعد انھیں جولائی تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

الطاف حسین کی رہائی کی خبر ملتے ہی ایم کیوایم کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئی جہاں کارکنان نے بھنگڑے ڈالے اور رقص بھی کیا۔کراچی میں الطاف حسین کی رہائی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے کہاہے کہ ناقدین خواب دیکھنا چھوڑ دیں کہ ایم کیو ایم میں گروپ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ،آج نئی ایم کیوایم کا آغاز ہوا ہے۔