لندن ، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کو 9گھنٹے طویل انٹرویو کے بعد رہا کر دیا گیا، الطاف حسین کو ہسپتال میں تفصیلی طبی معائنے کے بعد سدرک پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا ، جہاں انٹرویو کے بعد ضمانت منظور کی گئی

ہفتہ 7 جون 2014 05:14

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں انٹرویو مکمل ہونے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں انٹرویو مکمل ہونے کے بعد رہا کردیا گیا۔ الطاف حسین کو ویلنگٹن اسپتال میں تفصیلی طبی معائنے کے بعد پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں سدرک پولیس اسٹیشن میں ان کا 9 گھنٹے تک انٹرویو کیا گیا جس کے بعد ان کی ضمانت منظور کی گئی۔

الطاف حسین کی ضمانت پر رہائی کی خبر ملتے ہی ایم کیوایم کے کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دیتے رہے جبکہ کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین رہائی کے بعد کارکنان سے خطاب بھی کریں گے جس کے لیے نائن زیرو پر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے الطاف حسین کی رہائی پر کارکنان و ذمہ داران کو مبارکباد دی جبکہ گورنر سندھ نے اس معاملے میں وزیراعظم نوازشریف اوروزیرداخلہ چوہدری نثار سمیت وفاقی حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر کیا، ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ الطاف حسین کی رہائی عوام اورکارکنوں کی دعاؤں کا ثمر ہے۔واضح رہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں 3 جون کو اسکاٹ لینڈ یارڈ نے حراست میں لیا تھا تاہم طبعیت کی خرابی کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں گزشتہ روز الطاف حسین کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا جس کے بعد انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔

اس سے پہلے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے وکلا کو بریفنگ دی ہے۔ بریفنگ کے دوران الطاف حسین سے متعلق شبہات اور گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق الطاف حسین کے وکلا کو بتا دیا گیا کہاں سے کیا سوالات پوچھے جائیں گے۔الطاف حسین سے توقعات اور ان کے حقوق سے پولیس کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا۔ الطاف حسین کے انٹرویو کے دوران ان کے2 وکلا موجود ہوں گے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کا انٹرویو ریکارڈڈ ہوگا۔