بجٹ میں سبزی، دال، زندہ جانور، سی این جی بس، ایل پی جی بس ، پٹرولیم مصنوعات سمیت200سے زائد اشیا کی درآمد پر ایک فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد

جمعہ 6 جون 2014 07:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 6جون۔2014ء) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال2014-15 کے بجٹ میں سبزی، دال، زندہ جانور، سی این جی بس، ایل پی جی بس اور پٹرولیم مصنوعات سمیت200سے زائد اشیا کی درآمد پر ایک فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد کی ہے،اس ضمن میں پاکستان کسٹمز ٹیرف میں ترامیم کردی گئی ہیں جس سے قدرتی گیس، سبزیوں اور پٹرولیم مصنوعات سمیت 200 سے زائد اشیا مہنگی ہوجائیں گی۔

بجٹ دستاویز کے مطابق جن 200سے زائد اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے ان میں گائے، بھینس، بکرے، بھیڑیں، دنبے اور دیگر زندہ جانور، بغیر ہڈی کا گوشت، بکرے کا گوشت، کھمبیاں، مچھلی کے انڈے، تازہ اور فرٹیلائزر پر مشتمل کیمیکلز، پوٹاشیم سلفیٹ، یوریا، پرنٹنگ گم، پگمنٹ تھکنر، ووڈ فلور،جیوٹ ویسٹ، اسٹین لیس اسٹیل، ٹینڈ ا?ئرن اور اسٹیل اسکریپ، لیپ ٹاپ کمپیوٹرز، نوٹ بکس، ملٹی میڈیا کٹس، مائیکرو کمپیوٹر، پرسنل کمپیوٹر، کی بورڈز، پوائنٹنگ ڈیوائسز، اسکینرز، فلاپی ڈسک ڈرائیوز، ہارڈ ڈسک ڈرائیوز، ٹیپ ڈرائیوز، سی ڈی روم ڈرائیو، ڈیجیٹل وڈیو ڈسک ڈرائیو، ریمووایبل اینڈ ایکسچینج ایبل ڈسک ڈرائیوز، کنٹرول یونٹ، کمپیوٹر کیسنگز، موڈیم، انرجی سیونگ لیمپ، انرجی سیونگ ٹیوب، سی این جی بسوں اور ایل پی جی بسوں، ڈریگرز اور نیٹ ورکنگ ایکوپمنٹ سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بجٹ میں سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کے بجائے وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری اور بلوچستان میں ٹیلی کمیونیکشن سروسز پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح ساڑھے19 فیصد سے کم کرکے ساڑھے 18فیصد کرنے کی تجویزدی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئندہ مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں او جی ڈی سی ایل کو پاور جنریشن کمپنیوں کوگیس کی فروخت پر300روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک گیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس عائد کرنے کی تجویز دیدی ہے۔