برطانیہ میں جاری معاملے پر تبصرہ نہیں کرسکتا، پرویز رشید ، کراچی کا امن اولین ترجیح ہے، طالبان جس ز بان میں بات کرینگے حکومت جواب بھی اسی زبان میں دے گی، علماء متفقہ ضابطہ اخلاق مرتب کریں 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنائینگے، خودکش حملے کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،جن کا جنازہ نہیں ہوتا وہ جنت کے کیسے مستحق ٹھہرے اندازہ ہو جانا چاہئیے کہ حق پر کون ہے ، اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے، پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام قومی کانفرنس سے خطاب، صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 6 جون 2014 07:11

اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 6جون۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہاہے کہ برطانیہ میں جاری معاملے پر تبصرہ نہیں کرسکتا، کراچی کا امن اولین ترجیح ہے، طالبان جس ز بان میں بات کرینگے حکومت جواب بھی اسی زبان میں دے گی، علماء متفقہ ضابطہ اخلاق مرتب کریں 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنائینگے، خودکش حملے کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،جن کا جنازہ نہیں ہوتا وہ جنت کے کیسے مستحق ٹھہرے اندازہ ہو جانا چاہئیے کہ حق پر کون ہے ، اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ”بین المسالک و بین المذاہب مکالمہ کیوں ضروری ہے؟“ کے عنوان سے قومی کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کے دوران سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے جس کا تشدد کی کارروائیوں سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ علماء کرام کو چاہیے کہ اسلام کے امن کے پیغام کو عام کریں اس ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو آزادی حاصل ہے اور حکومت بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے انہوں نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ علماء کونسل کی اس کاوش کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے جس کا تشدد سے کوئی تعلق نہیں ہے انہوں نے کہاکہ خود کش حملہ آور کے چیتھڑے اڑ جاتے ہیں اور اس کانماز جنازہ تک نہیں ہوتا ایسا شخص بھلا کیسے جنت کا مستحق ہوسکتاہے۔

خودکش حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اسلام تشد د نہیں امن و بھائی چارے کا درس دیتاہے۔

بعدازاں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھاکہ علماء کرام متفقہ ضابطہ اخلاق مرتب کریں اور تجاویز دیں حکومت 100 فیصد عملدرآمد کرائے گی کیونکہ امن وامان حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ چاہتے ہیں کہ ہماری قوم مکروہات اور بدعتوں سے بچ جائے اور ان سے نجات دلانے کیلئے علماء اپنا کردار ادا کریں۔

انہو ں نے کہاکہ غیرت کے نام پر قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کے کاموں میں شریک ہونا گناہ کبیرہ ہے اگر کسی کے گھر بیٹی پیدا ہوجائے تو یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے علماء عوام میں آگاہی پیدا کریں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہاکہ ان کا معاملہ برطانیہ میں ہے اس لئے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے ایک او رسوال پر انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرچکے ہیں ۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور اس میں امن و امان حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں اقدام اٹھا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ سیاسی قیادت اور خصوصاً ایم کیو ایم نے کراچی میں امن کے حوالے سے تعاون کیاہے اور احسن اقدام اٹھائے ہیں جس پر داد تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہاکہ بجٹ عوامی امنگوں کے مطابق مرتب کیاہے جس پر سب نے تعریف کی ہے ایسے حالات میں اس سے اچھا بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا تھا انہوں نے طالبان مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہاکہ جو جس زبان میں بات کرے گا حکومت بھی اس کا اسی زبان میں جواب دے گی۔