شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری، 27ہزار سے زائد افراد اب تک نقل مکانی کر چکے

جمعہ 6 جون 2014 07:07

پشاور(اُردو پوائنٹ رپوٹنگ ٹیم۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 6جون۔2014ء) شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مختلف ذرائع کے اعداد و شمار کے مطابق 27ہزار سے زائد لوگ اب تک نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اور نقل مکانی میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے نقل مکانی کرنے والے بنائے گئے کیمپ کی بجائے بنوں کے راستے مختلف علاقوں کا رخ کر رہے ہیں بنوں میں قیام کرنے والے اکثر اپنے رشتہ داروں اور جاننے والوں کے ہاں جا رہے ہیں۔

عوام مسئلے کے حل کے لئے مذاکرات کو صحیح راستہ تجویز کرتے ہیں تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں اس وقت غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر وہاں سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جس دن کرفیو نہیں ہوتی اس دن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگ وہاں سے بڑی تعداد میں محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

مختلف ذرائع کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک شمالی وزیرستان سے 28ہزار سے زائد لوگ نقل مکانی کے چکے ہیں اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو چکے ہیں ان میں بچوں کے تعداد زیادہ بتائی گئی ہے جو 13ہزار سے کچھ زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک منتقل ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق سب تحصیل میر علی سے ہے۔ شمالی وزیرستان میں اس وقت صورت حال انتہائی غیر یقینی ہے ایک طرف گذشتہ دنوں طالبان کی طرف سے پمفلٹ تقسیم کیا گیا تھا جس میں لوگوں سے دس جون سے پہلے پہلے شمالی وزیرستان سے محفوظ مقامات پر نقل مکانی کا کہا گیا تھا جبکہ دوسری طرف شمالی وزیرستان امن جرگہ کے امیر حاجی شیر محمد خان جو تحریک آزادی کے بہت بڑے نام حاجی میر زاعلی خان فقیر آف ایپی کا نواسہ ہے کی طرف سے بہت مثبت اشارے دےئے گئے ہیں کہ کوئی اپریشن نہیں ہو گا اور لوگ نقل مکانی نہ کریں لیکن اس کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی کر رہے ہیں نقل مکانی کرنے والوں کے مطابق وہ شمالی وزیرستان کی غیر یقینی صورت حال سے مطمئین نہ ہونے کی سبب یہ نقل مکانی کر رہے ہیں ۔

نقل مکانی کرنے والوں کے لئے بکا خیل کے علاقہ میں کیمپ قائم کیا گیا ہے لیکن نقل مکانی کرنے والوں میں سے کوئی بھی ابھی تک اس کیمپ میں نہیں گیا ہے ۔ نقل مکانی کرنے والوں کے ساتھ بڑی تعداد میں بچے آرہے ہیں جن کو دو تین پوسٹوں پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں کیونکہ بنوں اور شمالی وزیرستان میں پولیوکے درجنوں کیس سامنے آئے ہیں ۔موجودہ سورت حال کو دیکھتے ہوئے بنوں کے عوام مسئلے کے حل کے لئے مذاکرات کو بہترین راستہ قرار دے رہے ہیں۔نقل مکانی کرنے والوں کی کل تعداد 27ہزار5سو 83 ہے جن میں سے مردوں کی تعداد 5591خواتین کی تعداد8783جب کہ بچوں کی تعداد 13209ہے۔

متعلقہ عنوان :