اوگرا اور گیس کمپنی کے درمیان قیمتوں کے تعین کے معاملے کی سماعت کے تعین کیلئے فیصلے کی درخواست چیف جسٹس کو ارسال

جمعہ 6 جون 2014 07:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 6جون۔2014ء)سپریم کورٹ آف پاکستان نے اوگرا اور گیس کمپنی کے درمیان قیمتوں کے تعین بارے معاملے پر عابد حسن منٹو کی درخواست پر لاہور میں سماعت ہوگی یا اسلام آباد میں،فیصلے کیلئے درخواست چیف جسٹس پاکستان کو ارسال کردی،چیف جسٹس تصدیق حسین جیلانی کے حکم پر مقدمہ اسلام آباد میں لگایا گیا تھا،جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں2رکنی بنچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی اس دوران عابد حسین منٹو ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ وہ کمزور اور بوڑھے ہوچکے ہیں،آجکل بیمار بھی ہیں اس لئے انہوں نے مقدمہ لاہور رجسٹری میں سماعت کیلئے لگانے کی استدعا کی تھی،انہوں نے یہ استدعا اس لئے بھی کی تھی کہ ان کا اسلام آباد میں کوئی دفتر نہیں ہے اور مقدمے کی سماعت کی اتنی ایمرجنسی بھی نہیں ہے،اس پروگرام کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ ایمرجنسی کا معاملہ ہے،اس لئے اس کی جلد سماعت ضروری ہے،اس پر عدالت نے معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کردیاتاکہ وہ اس حوالے سے فیصلہ کرسکیں کہ مذکورہ مقدمے کی سماعت لاہور میں ہوگی یا اسلام آباد میں،کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔