الطاف حسین کے چاہنے والے لاکھوں کی تعداد میں نمائش چورنگی پر دھرنے میں بیٹھے اپنے قائد سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں، فاروق ستار ،پاکستانی حکومت برطانیہ سے الطاف حسین کی صحت ، انکے بہتر علاج و معالجے اور انکی زندگی کا تحفظ کی یقین دہانی کروائے ، وکلا ء نے ابھی تک درخواست ضمانت جمع ہی نہیں کروائی ہے اس حوالے سے مختلف میڈیا پر چلنے والی خبروں میں صداقت نہیں ہے، میڈیا ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے کسی خبر کو تصدیق کے بغیر نہ چلائے ،اس سے عوام میں انتشار پھیلے گا ،میڈیا کو بریفنگ

جمعرات 5 جون 2014 04:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آج االطاف حسین سے اظہار یکجہتی کا دوسرا روزہے اور آج شدید گرمی کے باوجود قائد تحریک کے چاہنے والے لاکھوں کی تعداد میں نمائش چورنگی پر دھرنے میں بیٹھے ہوئے ہیں اور اپنے قائد سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کی صبح نمائش چورنگی پر قائد تحریک الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے گزشتہ روز سے جاری اظہار یکجہتی مظاہرے کے مقام پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پر امن مظاہروں کا ایک سبب یہ ہے کہ ہم الطاف حسین کے ساتھ اپنے عہد وفا کی تجدید کریں اور انھیں بتائیں کے مشکل کی اس گھڑی میں وہ اکیلے نہیں بلکے انکے لاکھوں ، کروڑوں چاہنے والے انکے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ پر امن مظاہروں کی دوسری وجہ یہ ہے کہ پاکستانی حکومت ،حکومت برطانیہ سے الطاف حسین کی صحت ، انکے بہتر علاج و معالجے اور انکی زندگی کا تحفظ یقینی بنانے کی یقین دہانی کروائے اور جب تک الطاف حسین کے چاہنے والوں کے یہ مطالبات پورے نہیں ہونگے ہم کراچی سمیت ملک بھر میں پر امن دھرنوں کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کو بغیر مقدمے کے حراست میں لیا گیا جو کہ ایم کیو ایم کی نظر میں برطانوی روایات اور انصاف کے اصولوں کی خلاف ورشی ہے ،گزشتہ برس ایم کیو ایم کے ایک رہنما طارق میر کو بھی اسی طرح حراست میں لیا گیا تھا اور چند گھنٹوں بعد رہا کر دیا گیا تھا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا پر چلنے والی متضاد خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کے وکلا ء نے ابھی تک انکی درخواست ضمانت جمع ہی نہیں کروائی ہے جو کہ ممکن ہے اآج جمع کروائی جائے لہٰذا میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی مخبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے جبکہ چند میڈیا چینلز کی جانب سے یہ کہا جانا کہ الطاف حسین کی گرفتاری کے لئے ستر سے زائد افراد نے انکے گھر پر دھاوا بولا اور دروازے توڑے یہ خبر بھی بے بنیا د اور عوام کو مشتعل کرنے کی سازش کا حصہ ہے ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کارکنان نے صبر کا دامن تھامہ ہوا ہے اور انتشار پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ تشدد کی سیاست الطاف حسین کی تعلیما ت کی نفی ہے ۔اس موقع پر انھوں نے دھرنے کی کوریج کرنے پر میڈیا کے نمائندوں اور اداروں کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ میں میڈیا سے استدعا کرتا ہوں کہ وہ کسی بھی خبر کو تصدیق کے بغیر نہ چلائیں کیونکہ اس سے عوام میں انتشار پھیلے گا ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے قائد تحریک الطاف حسین سے اظہار یکجہتی اورانکی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرنے پروزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ، عوامی تحریک کے سربرا ہ ڈاکٹر طاہر القادری اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت سمیت والے سیاسی و مذہبی رہنماوٴں ، کراچی کی تاجر اور ٹرانسپورٹ برادری سمیت ان تمام حلقو ں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے جنا ب الطاف حسین اور ایم کیو ایم پر اس مشکل گھڑی میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔