عمران خان کا برطانوی حکام کی جانب سے الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد سندھ بھر میں پیدا ہونے والی صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار ، پاکستان تحریک انصاف اس مشکل وقت میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کا غم سمجھ سکتی ہے تاہم کراچی جیسے اہم ترین تجارتی مرکز میں زندگی مفلوج کرنے اور عوام کو معمولات میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا متحدہ قومی موومنٹ کے پاس کوئی جواز نہیں،عمران

جمعرات 5 جون 2014 04:13

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے برطانوی حکام کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں پیدا ہونے والی صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس مشکل وقت میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کا غم سمجھ سکتی ہے تاہم برطانوی حکام کی جانب سے منی لانڈرنگ کے الزام میں اپنے ایک شہری کے خلاف قانونی اقدام کے بعد کراچی جیسے اہم ترین تجارتی مرکز میں زندگی مفلوج کرنے اور عوام کو معمولات میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا متحدہ قومی موومنٹ کے پاس کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ برطانیہ میں قانون اپنا رستہ لے گاتاہم ایم کیو ایم کی قیادت اور کارکنان کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور برطانوی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے قدم کی سزاپاکستانی عوام کو دینے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ کے ناراض کارکنان کی جانب سے تشدد اورجلاؤ گھیراؤ کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے شہر میں پھیلے خوف و ہراس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ شہر بھر میں نظام زندگی بری طرح مفلوج ہے اور پٹرول پمپ کی بندش کے باعث شہری انتہائی مجبوری کی حالت میں بھی گھروں سے باہر نکلنے سے قاصر ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے شہر کو رضاکارانہ طور پر بند کیے جانے کے حوالے سے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ صورت حال اس کے بالکل برعکس ہے، پورے شہر کو برطانوی حکومت کی جانب سے اپنے شہری کے خلاف کی گئی کارروائی کی پاداش میں خوف و ہراس کی نذرکرنا ناقابل قبول ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے احتجاج میں پیپلز پارٹی کی شمولیت پرانتہائی تعجب کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں برسر اقتدار ہے اور کراچی سمیت پورے صوبے میں عوام اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ دار ہے تاہم ان کی جانب سے شہر بھر میں مفلوج نظام زندگی کو نظر انداز کرتے ہوئے متحدہ کے احتجاج میں شمولیت ایک کھلا مذاق ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے زور دے کر کہا اگر برطانوی حکومت کی جانب سے اپنے رہنما کی گرفتاری پر ایم کیو ایم احتجاج کرنا چاہتی ہے تو پاکستان کی بجائے برطانیہ میں کیاجائے۔