قومی اسمبلی میں جمشید دستی کیخلاف تحریک استحقاق جمع کرادی گئی،جمشید دستی نے پارلیمانی لاجز میں غیر اخلاقی حرکات کے بے بنیاد الزام لگا کر پارلیمان کا استحقاق مجروح کیاہے اس لئے معاملے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ دو سوسے زائد اراکین کے دستخطوں سے جمع درخواست میں مطالبہ

جمعرات 5 جون 2014 04:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء) قومی اسمبلی میں جمشید دستی کیخلاف تحریک استحقاق جمع کرادی گئی، 200 سے زائد اراکین کے دستخطوں سے جمع درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ جمشید دستی نے پارلیمانی لاجز میں غیر اخلاقی حرکات کے بے بنیاد الزام لگا کر پارلیمان کا استحقاق مجروح کیاہے اس لئے معاملے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

ذرائع کے مطابق تحریک میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ اس معاملے کی جانچ پڑتال کیلئے سپیشل پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں تمام معاملات کا جائزہ لیاگیا اور مظفر گڑھ سے آزاد حیثیت سے آنیوالے رکن قومی اسمبلی سے غیر اخلاقی حرکت کے ثبوت طلب کئے گئے

مگر جمشید دستی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے معزز اراکین پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی گئی ہے اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے اور مکمل جانچ پڑتال کی جائے اور اس جسارت پر جمشید دستی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے ایوان زیریں کے اجلا س الزام عائد کیا تھا کہ پارلیمنٹ لاجز غیر اخلاقی حرکتوں کی آماجگاہ بن گیاہے اور رقص و سرور کی محفلیں معمول بن چکی ہیں جس کے بعد سپیکر نے پارلیمان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی مگر اس میں بھی واضح ثبوت فراہم کرنے میں جمشید دستی کامیاب نہیں ہوئے ۔