قوم نے جنہیں مینڈیٹ نہیں دیا وہ 2018ء تک صبر اور ہمت سے انتظار کریں ، نواز شریف، مخالفین ٹانگیں نہ کھینچیں کام کرنے دیں ، جو صوبے کیلئے کچھ نہیں کرسکتے وہ ملک کیلئے کیا کرینگے ، دھرنوں سے نہیں عمل سے خود کو ثابت کرنے کا وقت ہے ، گزشتہ بجٹ کے اہداف کافی حد تک حاصل کرلئے ہیں ، بجٹ سے مہنگائی کا خاتمہ ، سرمایہ کاری بڑھے گی ۔ وزیراعظم کا یوتھ قرضہ سکیم کی دوسری قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب

جمعرات 5 جون 2014 04:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے جنہیں مینڈیٹ نہیں دیا وہ 2018ء تک صبر اور ہمت سے انتظار کریں ، مخالفین ٹانگیں نہ کھینچیں کام کرنے دیں ، جو صوبے کیلئے کچھ نہیں کرسکتے وہ ملک کیلئے کیا کرینگے ، دھرنوں سے نہیں عمل سے خود کو ثابت کرنے کا وقت ہے ، گزشتہ بجٹ کے اہداف کافی حد تک حاصل کرلئے ہیں ، بجٹ سے مہنگائی کا خاتمہ ، سرمایہ کاری بڑھے گی ۔

وزیراعظم یوتھ قرضہ سکیم کی دوسری قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قرضہ سکیم 90کی دہائی میں میرے ذہن میں تھی اور ہم اس کو شروع کرنا چاہتے تھے لیکن ایٹمی دھماکوں اور کارگل کے معاملہ کے باعث یہ سکیم شروع نہ ہوسکی ورنہ آج ملک کے کونے کونے میں لوگ اس سے فیض یاب ہورہے ہوتے ۔

(جاری ہے)

اب دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے یہ سکیم لے کر آئے اور نوجوانوں کو امید کی کرن دی تاکہ وہ بھی ملک کی خدمت کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ قرضہ سکیم کو نیشنل بینک کے ذریعے شروع کیا گیا ہے بینک بڑے بڑے لوگوں کو تو قرضے دیتے ہیں لیکن غریبوں کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی بلکہ غریبوں کو تو بینک کے اندر گھسنے بھی نہیں دیا جاتا امیروں کو کروڑوں ر وپے دیئے جاتے ہیں غریبوں کو دس ہزار روپے نہیں دیئے جاتے ۔ نیشنل بینک امیروں کا نہیں سب کا بینک ہے اور اس پر سب کا حق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کے پاس کمال کا ہنر ہے لیکن اچھے قرضے کیلئے وسائل نہیں ۔ ترقی یافتہ ممالک نے اپنے نوجوانوں کا احساس کیا اور وسائل فراہم کئے تب ہی آج ان کی ترقی ممکن ہوئی ہے نوجوانوں کو وسائل ملے تو انہوں نے جرمنی اور دوسرے ممالک کی معیشت کو مضبوط کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے نعرے لگانے والوں سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بھی نوجوانوں کی فکر کریں اور نوجوانوں کیلئے کچھ کریں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجٹ میں غریبوں کو ریلیف دیا ہے اور پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے اسحاق ڈار دن رات کام کررہے ہیں اچھا بجٹ پیش کرنے پر میں اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اس بجٹ کے بعد ملک میں مہنگائی نہیں بڑھے گی سرمایہ کاری بڑھے گی پاکستان نے ایک سال میں اہداف حاصل کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال حلف لیا اور اس کے بعد فوراً بجٹ پیش کرنا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے محصولات میں اضافہ ہوا اور مہنگائی کا خاتمہ کرینگے حکومتی کامیابیوں کا اعتراف نہ کرنا مناسب نہیں ہے گزشتہ حکومت نے محاصل میں تین فیصد اضافہ کیا ہے ہم نے سولہ فیصد اضافہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے لیے بیمہ سکیم متعارف کرائینگے ہم پالیسی کی رقم حکومت فراہم کرے گی ۔

انہو ں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پسند کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے نوجوان ہماری قوت اور طاقت ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی حکومت پر کرپشن کا ایک معمولی دھبہ بھی نہیں ہے قرضہ سکیم کسی ایک شہر کیلئے نہیں پورے ملک کیلئے ہے معاشی استحکام سے مایوسی کا خاتمہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی قرضہ سکیم احسان نہیں ہمارا فرض ہے پہلی قرعہ اندازی میں 38000 میں سے 6000 کامیاب ہوئے ہیں کاروبار کے لئے پانچ ارب روپے کے قرضے دیئے جارہے ہیں ۔ نوجوانوں کو خود کفیل بنائینگے ۔

نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے دس ہزار روپے ماہوار دینگے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرینگے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے لیکن جب اقتدار میں آئے تو آٹھ ماہ کے قلیل عرصے میں منصوبہ شروع کردیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو مشکلوں اور مصیبتوں سے نکالیں گے دھرنوں کا نہیں عمل سے نکالنے کا وقت ہے ۔

لاہور کراچی موٹروے پر بھی جلد کام شروع ہوگا منگلا ڈیم سے بڑا ڈیم بنانے کا منصوبے بنا رہے ہیں جس کانام دیامر بھاشا ڈیم ہے گلگت بلتستان میں ہے یہ ڈیم پاکستان کی زمینوں کو سیراب کرے گا کسان کو فائدہ پہنچے گا چار ہزار پانچ سو میگا واٹ بجلی کی فراہمی ہوگی جس سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کراچی موٹر وے بہتر ہوگی جس سے ترقی کا سفر شروع ہوگا گوادر پورٹ کو مثالی بنانے کا کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دس برس میں پاکستان میں 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں روڑے نہ اٹکائیں 2018ء کے انتخابات کا انتظار کریں قوم نے ہمیں ووٹ دیا ہے اور انہیں انتظار کرنے کو کہا ہے ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر نوجوانوں میں چیک بھی تقسیم کئے