برطانوی ہائی کمیشن کا الطاف حسین کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں‘ہائی کمشنر فلپ بارٹن،پاکستانی راہنماء کی گرفتاری میٹرو پولیٹن پولیس نے کی‘ یہ ادارہ سیاسی اثرو رسوخ سے پاک اور خودمختار ہے‘ حکومت اس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی‘ برطانوی سفیر کی گفتگو

بدھ 4 جون 2014 07:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء) پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر فلپ بارٹن نے کہا ہے کہ پاکستانی راہنماء الطاف حسین کی گرفتاری میں برطانوی ہائی کمیشن کا کوئی تعلق نہیں یہ گرفتاری میٹرو پولیٹن پولیس نے کی ہے‘ یہ ادارہ سیاسی اثرو رسوخ سے پاک اور خودمختار ادارہ ہے‘ حکومت اس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کی لندن میں گرفتاری کے بعد ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی سفیر کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے الطاف حسین کے بارے میں معلومات کرنی ہیں تو وہ میٹرو پولیٹن پولیس سے رابطہ کرے۔

برطانوی ہائی کمیشن کا ان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہیں میٹروپولیٹن پولیس نے گرفتار کیا ہے ہم اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے کیونکہ برطانوی پولیس سیاسی اثرو رسوخ سے پاک اور خودمختار ادارہ ہے اور برطانوی حکومت پولیس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔