لاہور ہائیکورٹ ، فرزانہ بی بی قتل بارے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب

بدھ 4 جون 2014 07:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے عدالتوں کی سکیورٹی کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے باہر خاتون فرزانہ بی بی کے قتل کے بارے میں سی سی پی او لاہور سے کل(جمعرات کو ) رپورٹ طلب کرلی ۔فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عدالتوں کے اردگرد بھی سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں ۔گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطاء بندیال اور مسٹر جسٹس منظور احمد ملک پر مشتمل خصوصی بنچ نے عدالتوں کی سکیورٹی بارے کیس کی سماعت کی ۔

کیس کی سماعت کے دوران ڈی آئی جی انویسٹی گیشن غلام رسول نے تفتیشی افسران کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ تفتیشی افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کے مین گیٹ کے قریب عدالت میں بیان دینے کیلئے آنیوالی خاتون کو اینٹیں مار مار کر قتل کردیا گیا اور پولیس نے روایتی کاروائی کے سوا کچھ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

عدالتی استفسار پر قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل پنجاب اسجد گرال نے بتایا کہ 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مرکزی ملزم ریمانڈ پر ہے ،انہوں نے کہا کہ کاروائی جاری ہے اور مقررہ مدت میں چالان عدالت میں پیش کردیا جائے گا ۔فاضل عدالت نے سی سی پی او لاہور سے فرزانہ بی بی قتل کیس کے حوالے سے اب تک کی جانیوالی کاروائی کے بارے میں رپورٹ 5 جون کو طلب کرلی ۔