الطاف حسین کی گرفتاری، کراچی کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل، کاروبار بند ہونا شروع ہوگیا ،مختلف علاقوں میں 11گاڑیاں اور 5چنگچی رکشوں کو آگ لگا دی گئی، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 9افراد ززخمی ،کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی کمی واقع ،اعلیٰ حکام کے کراچی بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات ،برطانوی قونصل خانہ عارضی بند کردیا گیا ،شہریوں نے راشن جمع کرنا شروع کر دیا ،سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ غائب ،بیشتر علاقوں میں ٹی وی کیبل بند کردی گئی ،جامعات اور انٹر بورڈ کے تحت تمام امتحانات ملتوی

بدھ 4 جون 2014 07:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو لندن میں منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیے جانے کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی اور کاروبار بند ہو نا شروع ہو گیا تھا ،شہر کے مختلف علاقوں میں 11گاڑیاں اور 5چنگچی رکشوں کو آگ لگا دی گئی، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 9افراد ززخمی ہو گئے ،کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی ہنڈرڈ انڈیکس میں 800پوائنٹ تک کی کمی واقع ہوگئی ،اعلیٰ حکام نے کراچی بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی میں قائم برطانوی قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا گیا ،شہریوں نے اپنے گھروں میں راشن جمع کرنا شروع کر دیا ،سڑکوں پر سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی جس سے گھر جانے والے وہ لوگ جو بسوں میں سفر کرتے ہیں وہ پیدل ہی گھر کی طرف نکل پڑے،شہر بھر میں موبائل سگنلز جام ہوگئے،

بیشتر علاقوں میں ٹی وی کیبل بند کردی گئی ،جامعات اور انٹر بورڈ کے تحت تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کوالطاف حسین کو لندن کے علاقے نارتھ ویسٹ میں گھرسے گرفتارکیا گیا، الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارکیا گیا ،الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر کراچی میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی ،جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے 11گاڑیاں اور 5چنگچی رکشوں کو نذر آتش کردیا ۔مبینہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹرک ، شفیق موڑ پر بس اور رکشہ ، عائشہ منزل پر ایک بس، گلبرگ میں دو بسیں ، کورنگی میں دو بسیں ، کیفے پیالہ پر 5چنگچی رکشے، لانڈھی میں ایک بس اور شارع فیصل پر ایک بس کو نذر آتش کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 9افراد زخمی ہوئے ہیں ، کورنگی ویٹا چورنگی پر 4،گلشن اقبال میں ایک ، لیاقت آباد میں ایک ،گولیمار میں ایک ، نارتھ کراچی اور شاہ فیصل کالونی میں بھی دو افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

جبکہ اس خبر کے نشر ہونے کے بعد کراچی اسٹاک ایکسنچ پر بھی منفی اثرات سامنے آئے اور کراچی ہنڈرڈ اینڈیکس میں 800پوائنٹ کی کمی واقع ہوگئی اور کاروبار بند ہو نا شروع ہو گیا تھا ۔

کراچی کے مختلف علاقوں صدر،بولٹن مارکیٹ ، لائٹ ہاؤس، موتن داس ، عبداللہ ہارون روڈ، زیب النساء مارکیٹ ، زینب مارکیٹ ، موبائل مارکیٹ ، ایمریس مارکیٹ ، ایم اے جناح روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، طارق روڈ، خالد بن ولید روڈ، گارڈ، عثمان آباد ، رامسوامی ، شو مارکیٹ ، جوڑیا بازار، ناظم آباد، پاپوش نگر، لیاقت آباد، نیو کراچی ، نارتھ کراچی ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، شاہ فیصل کالونی ، ملیر ، کورنگی اور لانڈھی میں نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے بعد کاروبار بند ہو نا شروع ہو گیا تھا ، شہر کی اہم شاہراہوں شارع فیصل ، راشد مہناس روڈ، یونیورسٹی روڈ ، نشتر روڈ، شارع پاکستان ، آغا خان سوئمن روڈ، پریڈی اسٹریٹ، آئی آئی چندریگر روڈ ، ضیاء الدین احمد روڈ ، ایم آر کیانی روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر افراتفری پھیل گئی اور ٹریفک جام ہو گیا تھا ، شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے پیٹرول پمپس کا بھی رخ کیا جس کی وجہ سے خوف کے باعث بیشتر مالکان نے پمپس بند کردیئے تھے ۔

دوسری جانب گلشن اقبال سوک سینٹر پر بھی نامعلوم افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ شہر کے امن وامان کی صورتحال کے پیش نظررینجرز اور پولیس کا گشت شروع اور سندھ بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الٹ کردیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کو ہدایت دی گئیں ہیں کہ وہ سندھ میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیں تاکہ کس بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے اور شہر میں قانون کی رٹ قائم رکھی جائے ۔

سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی میں قائم برطانوی ہائی کمیشن عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔جبکہ برطانوی ہائی کمیشن کی اطراف کی تمام سڑکوں کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے ۔جبکہ رینجرز اور پولیس کی اغافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے ۔جبکہ ہائی کمیشن کے عملے کو اس بات کی بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی نقل وحرکت بھی محدود کر دیں۔ گرفتاری کی اطلاع کے بعد شہر بھر میں موبائل سگنلز جام ہوگئے جس کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑایہی نہیں شہر کے بیشتر حصوں میں موبائل فون سروس ہی معطل ہوگئی ۔ لوگوں کو اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرنے میں مشکلات درپیش ۔جبکہ دوسری جانب شہر کے بعض علاقوں میں کیبل سروس بھی معطل ہوگئی تھی۔