جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ کیس کی سماعت ایس ایچ او کے پیش نہ ہونے پر ملتوی

منگل 3 جون 2014 07:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جنوبی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملہ کیس کی سماعت تھانہ سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او کے پیش نہ ہونے پر چار جون تک ملتوی کردی ۔ عدالت عالیہ کے معزز جج نے حکومتی وکیل سے استفسار کیا کہ ایس ایچ او کو ذاتی طور پر طلب کیا گیا تھا وہ کہاں ہیں؟ ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ وہ آئندہ پیشی پر بذات خود پیش ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں کریم خان بنام ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کریم خان کے وکیل مرزا شہزاد اکبر عدالت عالیہ میں پیش ہوئے جبکہ حکومتی وکیل فضل الرحمن نیازی اور تھانہ سیکرٹریٹ کے اے ایس آئی ظفر اقبال عدالت عالیہ میں پیش ہوئے درخواست گزار کے فاضل وکیل نے عدالت میں بتایا کہ درخواست گزار کے ڈرون حملہ میں ایک بھائی ار ایک بیٹا شہید ہوگئے تھے لیکن دو سال گزرنے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی گزشتہ پیشی پر عدالت عالیہ نے تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد کے ایس ایچ اوز کو ذاتی طور پر عدالت عالیہ میں پیش ہونے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت چار جون تک ملتوی کردی ۔