سپریم کورٹ نے نجی ٹی وی چینل پر چلائے جانے والے عدلیہ مخالف پروگرام کی سی ڈیز رجسٹرار سپریم کورٹ سے طلب کرلی،سماعت (کل) بدھ تک ملتوی ، پروگراموں کے دو کلپس بارے ٹرانسکرپٹ تو موجود ہے مگر ہم پروگرام خود سننا چاہتے ہیں ، اس بات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں کہ آیا اس پروگرام میں توہین عدالت ہوئی ہے یا نہیں،عدالت

منگل 3 جون 2014 07:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء) سپریم کورٹ نے نجی ٹی وی چینل پر چلائے جانے والے عدلیہ مخالف پروگرام کی سی ڈیز رجسٹرار سپریم کورٹ سے طلب کرلی ہیں اور سماعت (کل) بدھ تک ملتوی کردی ہے‘ عدالت نے کہا ہے کہ پروگراموں کے دو کلپس بارے ٹرانسکرپٹ تو موجود ہے مگر ہم پروگرام خود سننا چاہتے ہیں اور اس بات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں کہ آیا اس پروگرام میں توہین عدالت ہوئی ہے یا نہیں۔

یہ حکم عدالت نے گذشتہ روز جاری کیا۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس اعجاز چوہدری اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ نے پیر کے روز نجی ٹی وی چینل پر عدلیہ کے حوالے سے چلائے جانے والی پروگرام بارے مقدمات کی سماعت کی۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ سی ایم اے کس نے فائل کی ہے۔

(جاری ہے)

اکرم شیخ نے کہا کہ یہ درخواست کسی نے دائر نہیں کی بلکہ عدالت نے خود اس کا نمبر لگایا ہے ان کی درخواست تو نمٹائی جاچکی ہے پہلے انہیں بھی پتہ نہیں تھا کہ درخواست نمٹادی گئی ہے۔

فیصلے کو بغور پڑھنے کے بعد پتہ چلا تھا۔ جسٹس اعجاز چوہدری نے کہا کہ آپ پھر بیٹھ جائیں یہ تو پھر عدالت کا اپنا ہی کیس ہے۔ جسٹس اعجاز افصل نے کہا کہ پروگرام کی سی ڈیز کہاں ہیں؟ وہ یہ پروگرام دیکھنا چاہتے ہیں اس پر اکرم شیخ نے بتایا کہ سی ڈیز کو حوالے کردیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ یہ سی ڈیز فراہم کریں تاکہ ان کو دیکھنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جاسکے۔

یہ 22 مئی 2014ء کا عدالتی فیصلہ تھا جس میں ان سی ڈیز کا ذکر آیا ہے۔ دو کلپ دکھائے گئے تھے ان کلپس کو دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ کیا یہ توہین عدالت تھی۔ اسلئے ہم رجسٹرار سپریم کورٹ کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ نجی ٹی وی چینل پر چلنے والی فوٹیج بارے سی ڈیز فراہم کریں۔ ٹرانسکرپٹ موجود ہے۔ مزید سماعت بدھ تک ملتوی کردی گئی۔