آزاد کشمیر سے با صلاحیت جوانوں کو پاک فضائیہ میں بھرتی کرنے کے لیے پاک بحریہ اور بری فوج کی طرح فضائیہ کی بھرتی ٹیمیں بھی آئندہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں جا کر بھرتی کریں گی،صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان کی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان سے ملاقات میں فیصلہ

منگل 3 جون 2014 07:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء)آزاد کشمیر سے با صلاحیت جوانوں کو پاک فضائیہ میں بھرتی کرنے کے لیے پاک بحریہ اور بری فوج کی طرح فضائیہ کی بھرتی ٹیمیں بھی آئندہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں جا کر بھرتی کریں گی اس بات کا فیصلہ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان کی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان سے ملاقات میں کیا گیا ۔

ملاقات صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو بتایا کہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو پہلے تو پاک فضائیہ میں بھرتی کی تاریخوں کا ہی علم نہیں ہوتا پھر ان کا پاکستان کے مختلف شہروں میں آ کر ٹیسٹ انٹرویو میں شامل ہونا جان جوکھوں کا کام ہے ۔

(جاری ہے)

ان کو مشکلات سے بچانے کے لیے بری اور بحری افواج کی طرح ایئر فورس کی بھرتی ٹیمیں آزاد کشمیر میں بھرتی کیمپ لگائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں بہت بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ اور با صلاحیت نوجوان بے روزگار ہیں وہاں کوئی صنعت ہے اور نہ روزگار کے مواقع ۔ اس لیے ان نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاک فضائیہ کی بھرتی ٹیمیں آزاد کشمیر جا کر بھرتی کریں تو انہیں با صلاحیت اور قابل جوان ملیں گے ۔ جو ملک و قوم کی خدمت کریں گے ۔ اس موقع پر ائیر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان نے کہا کہ وہ آج ہی احکامات جاری کریں گے اور آئندہ ایئر فورس کی بھرتی ٹیمیں آزاد کشمیر میں جا کر بھرتی کریں گی ۔