جماعت اسلامی کے رہنما نصر اللہ شجیع دریاکنڑ میں طالبعلم سمیت ڈوب کر جاں بحق ،سراج الحق اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا اظہار افسوس

منگل 3 جون 2014 07:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و سابق ممبرسندھ اسمبلی نصر اللہ شجیع آج بالاکوٹ کے مقام پر دریائے کنڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ہیں ۔ نصر اللہ شجیع عثمان پبلک سکول کراچی کے بچوں کا ایک گروپ لے کر بالا کوٹ گئے تھے ۔ آج دوپہر ایک طالبعلم سفیان عاصم دریا کے کنارے وضو کرتے ہوئے پھسل کر دریا میں جاگرا جسے بچانے کے لیے نصراللہ شجیع نے دریامیں چھلانگ لگادی لیکن وہ تیز بہاؤ کی وجہ سے سنبھل نہیں سکے اور طالبعلم اور وہ دونوں تیز لہروں میں بہہ گئے ۔

آخری اطلاعات تک ان کی لاشیں تلاش کی جارہی تھیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ، سابق امیر سید منورحسن ، نائب امراء پروفیسر خورشید احمد، حافظ محمد ادریس ، اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ، میاں محمد اسلم ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، حافظ ساجد انور اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم و دیگر ذمہ داران و کارکنان نے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نصر اللہ شجیع اور طالب علم سفیان عاصم کی بالاکوٹ کے قریب دریائے کنڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے اور پسماندگان کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاہے کہ نصر اللہ شجیع نے اپنی زندگی اللہ کے دین کے غلبے کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔ انہوں نے معصوم بچے کی جان بچانے کے لیے اپنی جان دیکر شہادت کا اعلیٰ مرتبہ حاصل کیاہے ۔ اللہ تعالیٰ شہید کی اسلام کے لیے خدمات قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

متعلقہ عنوان :