ٹڈاپ کیس میں ملوث سابق وزیر اعظم گیلانی اور سابق وفاقی تجارت امین فہیم سمیت 7ملزمان کے 7 نئے مقدمات میں ایک بار پھر17جون تک کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ،وفاقی اینٹی کرپشن کور کا تمام ملزمان کو اندرون و بیرون ملک سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم،ملزمان کو منقولہ وغیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم ،مخدوم امین فہیم علاج کیلئے جرمنی میں مقیم ، گرفتاری کے حوالے سے ایف آئی اے امیگریشن حکام کی مدد لی جائیگی، یوسف رضاگیلانی کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کی ایک ٹیم کو ملتان بھیجا جائیگا،ذرائع

منگل 3 جون 2014 07:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جون۔2014ء)وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد عظیم نے ٹڈاپ کیس میں ملوث سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی تجارت مخدوم امین فہیم سمیت 7ملزمان کے 7 نئے مقدمات میں ایک بار پھر17جون تک کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ پیر کو عدالت میں ایف آئی اے کے تفتیشی افسران نے 7مقدمات کے چالان داخل کئے جن میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی تجارت مخدوم امین فہیم سمیت 7ملزمان کو مفرور دیکھا گیا ہے جس پر عدالت نے سابق وزیر اعظم گیلانی ، سابق وفاقی وزیر تجارت امین فہیم ، سیکریٹری زبیر احمد ، عمران صابر ، مہر ہارون ، رشید رئیسانی ، یوسف گیلانی کے سیکریٹری فیصل صدیقی ، میا ں طارق ، فرحان جونیجو ، مس افشاں جونیجو کے 17 جون تک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے تمام ملزمان کو اندرون ملک بیرون ملک سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور ملزمان کو منقولہ وغیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔ ملزمان کے خلاف ٹڈاپ سکینڈل میں غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے اپنے فرنٹ مین کے ذریعے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے مقدمات ایف آئی اے نے درج کر رکھے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹڈاپ میگا کرپشن اسکینڈل میں 27میں سے 13مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کردیئے گئے ہیں ۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہناہے کہ اس حوالے سے ان شخصیات کے خلاف کئی اہم ثبوت ، ایک وعدہ معاف گواہ اور گرفتارملزمان کے بیانات بھی حاصل ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق چونکہ مخدوم امین فہیم علاج کیلئے جرمنی میں مقیم ہیں انکی گرفتاری کے حوالے سے ایف آئی اے امیگریشن حکام کی مدد لی جائیگی اور جیسے ہی وہ پاکستان آئیں گے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیا جائے گا جبکہ یوسف رضاگیلانی کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کی ایک ٹیم کو ملتان بھیجا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم اگلے ہفتے ملتان جائیگی جبکہ برطانیہ میں مقیم کیس کے اہم کردار اور سابق وفاقی وزیر کے فرنٹ مین کے طورپر کام کرنے والے فرحان جونیجو کی گرفتاری کے لئے انٹرپول سے مدد لی جائیگی۔ان کیسز میں ایف آئی اے حکام کو سابق وزیراعظم اور سابق وفاقی وزیر کے خلاف منی لانڈرنگ ،قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے اہم ثبوت حاصل ہوگئے ہیں جبکہ کیس میں گرفتار ٹڈاپ کے اعلیٰ افسران عابد کریم، طارق اقبال پوری سمیت دیگر افراد نے ان اہم شخصیات کے خلاف بیان دیے ہیں۔

اسکے علاوہ کیس کا اہم ملزم بھی وعدہ معاف گواہ بنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کے قریبی شخص اسلم پیرزادہ نے بھی رقم منتقلی کے حوالے سے اہم ثبوت ایف آئی اے کو دیے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹڈاپ کرپشن کیس میں ایف آئی اے نے 30سے زائد افراد کو گرفتار کیاہے۔ ایف آئی اے حکام نے بیان دینے کے لئے پہلے امین فہیم اور بعد ازاں یوسف رضا گیلانی کو بھی نوٹس جاری کئے تھے تاہم وہ ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔