وفاقی حکومت کا اپنے خلاف متوقع گرینڈ الائنس سے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کو شمولیت کو روکنے کے لئے بیک ڈور رابطے کرنے کا فیصلہ ،مختلف رہنماؤں کی ذمہ داریاں لگادی گئیں

پیر 2 جون 2014 07:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء) وفاقی حکومت نے اپنے خلاف بننے والے متوقع گرینڈ الائنس سے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کو شمولیت کو روکنے کے لئے ان سے بیک ڈور رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف رہنماؤں کی ذمہ داریاں لگادی گئی ہیں جو جلد رابطے کریں گے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے صدرمخدوم جاوید ہاشمی سے بیک ڈور رابطہ کیاگیا ہے جس میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تحریک انصاف (ق) لیگ اور عوامی تحریک کے درمیان بننے والے الائنس کا حصہ نہیں بنے گی اور نہ ہی حکومت کو گرانے کا سبب بنے گی تاہم واضح کیا ہے کہ اگر بہت مجبور ہوئے تو مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ کرسکتے ہیں جو آئینی اور جمہوری راستہ ہے۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے خلاف سیاسی اتحاد کیخلاف سیاسی حکمت عملی کو عملی شکل دینا شروع کردی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی ، ایم کیو ایم کے فاروق ستار ، اے این پی کے شاہی سید ، جے یو آئی (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری ، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے یہ رابطے رواں ہفتے کئے جائینگے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی قریبی رائطہ کے لئے خورشید شاہ سے بات کی جائے گی اور ان کے تمام تر تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ حکومت پنجاب بھی اپنے طورپر سیاسی جماعتوں سے میل جول بڑھائے گی اور عوام الناس سے بھی قریبی رابطہ رکھا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :