حکومت کسی بھی غیر ملکی ایجنٹ کو ملک برباد کرنے دے گی نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہوگی ، عابد شیر علی، بعض سیاستدان فوج اور حکومت کو آمنے سامنے لانے کا پروپیگنڈہ کرکے نامناسب رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں، ، اس طرح ترقی کا عمل رک سکتا ہے،اربوں روپے کے ترقیاتی منصو بوں کو بھی نقصان پہنچے گا ، شرجیل میمن ملک میں تعصب پھیلانا چاہتے ہیں، ایسی سیاست بند کی جا ئے ، اخبار نویسوں سے گفتگو

پیر 2 جون 2014 07:31

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بعض سیاستدان فوج اور حکومت کو آمنے سامنے لانے کا پروپیگنڈہ کرکے نامناسب رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں ، اس طرح ترقی کا عمل رک سکتا ہے اور وہ منصوبہ جات جس پر اربوں روپے خرچ ہورہے ہیں ان کو بھی نقصان پہنچے گا ، حکومت کسی بھی غیر ملکی ایجنٹ کو ملک برباد نہیں کرنے دے گی اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہوگی ۔

وفاقی وزیر مملکت عابد شیر نے ان خیال کا اظہار لیڈیز پارک منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے شرجیل میمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بتائیں کہ وہ پچھلے پانچ سال اور موجودہ ایک سال میں سندھ میں کیا ترقیاتی کام ہوئے اور عوام کو کیا سہولتیں ملیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرجیل میمن پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک میں تعصب پھیلانا چاہتے ہیں ایسی سیاست بند کی جائے ۔

عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھیوں پر آرٹیکل 6کا اطلاق ہونا چاہیے کیونکہ جب اسمبلی موجود ہو اور اس میں ہر طرح کے آئینی قوانین کی جاسکتی ہو اور الیکشن کے نئے قواعد وضوابط بنانے کیلئے آئین میں ترمیم بھی ہوسکتی ہو تو پھر وہ کس غیر ملکی ایجنڈے کے تحت ملک کو برباد کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ دھاندلی خیبر پختونخواہ صوبہ میں ہوئی ہمارا مطالبہ ہے وہاں بھی انگھوٹوں کی تصدیق کروائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا واضح ثبوت یہ ہے کہ عمران خان پشاور سے اپنے ضمنی انتخابات میں بری طرح شکست کھا گئے اور غلام احمد بلور ان کی چھوڑی ہوئی نشست پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ا ور میانوالی میں بھی ایسا ہی ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں جس طرح کرپشن ہورہی ہے وہ سب پر عیاں ہے ان کی اپنی جماعت تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی نے فاورڈ بلاک بنا رکھا ہے جبکہ بعض وزراء جو ان پر تنقید کرتے تھے ان پر کرپشن کا الزام لگا کر نکال دیا گیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے کیونکہ یہ ڈکٹیٹر کی پیداوار تھے اور اب بھی اسی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید اور پرویز الٰہی ملک میں کوئی تحریک چلانا چاہتے ہیں تو انہیں پہلے اسمبلیوں سے مستعفی ہونا چاہیے اور اس کے بعد وہ ضرور تحریک چلائیں ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو تکلیف ہے کہ پاکستان کیوں ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔

نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں جو ترقیاتی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے منصوبے شروع ہوئے ان پر تیزی سے کام جاری ہے ہزاروں لاکھوں لوگوں کو روزگار میسر ہورہا ہے بلکہ اس کے نتائج بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ لاہور سے کراچی موٹروے کا جلد افتتاح کیا جارہا جبکہ ریلوے کی کارکردگی بغیر کرائے بڑھائے بہتر بنائی جارہی ہے ۔