کراچی اسٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا،کے ایس ای100انڈیکس 900سے زائد پوائنٹ کے اضافے سے 29ہزار پوائنٹ کی سطح کو عبور کرتا ہوا 29700پوائنٹ کی سطح پربند ہوا

اتوار 1 جون 2014 07:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء) مارکیٹ میں سرمائے کی آمد اور حصص کی خریداری میں تیزی کے سبب مارکیٹ گذشتہ کئی ہفتوں سے مندی سے دوچار کراچی اسٹاک مارکیٹ نے گذشتہ ہفتہ نیا ریکارڈ بنا ڈالا،کے ایس ای100انڈیکس 900سے زائد پوائنٹ کے اضافے سے 29ہزار پوائنٹ کی سطح کو عبور کرتا ہوا 29700پوائنٹ کی سطح پربند ہوا ،زبردست تیزی کے رجحان کے باعث 2کھرب روپے کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 70کھرب روپے کی بلند سطح سے تجاوز کر گیا ۔

گذشتہ کاروباری ہفتہ کا آغاز کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کارجحان دیکھا گیا اور تیزی کا یہ تسلسل ماسوائے ایک دن کے پورے ہفتہ برقرار رہا جبکہ جمعرات 29مئی کو مارکیٹ نے گذشتہ کئی ہفتوں کی مندی کو ختم کر کے تیزی کے نئے ریکارڈ بنا لئے ۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کے مطابق گذشتہ ہفتہ مارکیٹ میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 16ملین سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی جس کی بناء پر گذشتہ کاروباری ہفتہ کے آخری دنوں میں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا ۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سی جی ٹی کے ریٹ ،سیلز ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی سے متعلق مختلف اطلاعات کے سبب سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں اور کھل کر سرکایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں تاہم مخصوص اسٹاکٹس میں خریداری کے رجحان اور بڑے گروپ کی جانب سے بجٹ سے قبل مارکیٹ کو سہارا دینے کی پالیسی قلیل مدت میں مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتی ہے ،کولیشن سپورٹ فنڈ جاری ہونے ،غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی برقرار رہنے کی صورت میں نئے کاروباری ہفتہ کے دوران بھی تیزی کا رجحان غالب رہ سکتا ہے تاہم آئندہ بجٹ میں ایکویٹی مارکیٹ سمیت مختلف کاروبارعی سیکٹرکے حوالے سے منفی اقدامات بلند سطح پر موجود مارکیٹ کو گرا بھی سکتی ہے ۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ کاروباری ہفتہ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 981.69پوائنٹ کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور100انڈیکس 28756پوائنٹ سے بڑھ کر 29737.69پوائنٹ پرجا پہنچا اسی طرح664پوائنٹ کے اضافے سے کے ایس ای100انڈیکس 19688.35پوائنٹ سے بڑھ کر 20352.35پوائنٹ اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 21324.42پوائنٹ سے بڑھ کر21960.78پوائنٹ پر بند ہوا ۔

مارکیٹ میں سرمائے کی آمد اور حصص کی خریداری میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران مارکیٹ کے سرمائے میں 2کھرب2ارب 90کروڑ42لاکھ80ہزار210روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 68کھرب 39ارب91کروڑ92لاکھ 90ہزار678روپے سے بڑھ کر70کھرب42ارب82کروڑ35لاکھ70ہزار888روپے ہوگیا ۔گذشتہ ہفتہ مارکیٹ کا ٹریڈنگ ویلیو 5ارب سے 17ارب کے درمیان رہا جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 11کروڑ8لاکھ93ہزار اور زیادہ سے زیادہ 35کروڑ13لاکھ38ہزار حصص ریکارڈ ہوا ۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر1866کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے948کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،801میں کمی اور117کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔گذشتہ ہفتہ کاروبار کے لحاظ سے بینکنگ ،سیمنٹ ،توانائی پیٹرولیم سیکٹرز کی سرگرمیاں عروج پر رہیں ۔

متعلقہ عنوان :