جسٹس جواد ایس خواجہ کا بنچ تبدیل نہیں کیا گیا ، 10 جون کو کیس کی سماعت کریں گے،سپریم کورٹ کی وضاحت

اتوار 1 جون 2014 07:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء) سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ جسٹس جواد ایس خواجہ کا بنچ تبدیل نہیں کیا گیا وہ 10 جون کو کیس کی سماعت کریں گے جبکہ تین رکنی خصوصی بنچ دیگر درخواستوں کی سماعت کیلئے بنایا گیا ہے جو 2 جون کو دن 1 بجے دو درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ ہفتہ کو عدالت کی طرف سے جاری ہونے والی ایک وضاحت میں کہا گیا ہے کہ یہ بات درست نہیں کہ فاضل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے جسٹس جواد ایس خواجہ کا وہ بنچ تبدیل کردیا ہے جو آئینی درخواست نمبر 51 میں سی ایم اے 2774/14 اور آئینی پٹیشن نمبر 48 کی سماعت کررہا تھا۔

یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بنچ کی نوعیت تبدیل نہیں کی گئی اور یہی بنچ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں طے شدہ تاریخ 10 جون کو سماعت کرے گا تاہم جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس اعجاز احمد چوہدری اور جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں خصوصی بنچ تشکیل دیا گیا ہے جو 2 جون کو آئینی درخواست نمبر 51 میں سی ایم اے 3096/2014 اور سی ایم اے 2774/2014 کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق یہ واضح کیا جاتا ہے کہ خصوصی بنچ جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ کے 26 مئی کو دیئے گئے حکم کے تحت بنایا گیا ہے بنچ نے رجسٹرار کو ہدایت کی تھی کہ یہ معاملہ چیف جسٹس کے نوٹس میں لایا جائے اس لئے چیف جسٹس نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد دونوں احکامات جاری کیئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ میں نے 22 مئی کے جاری کردہ حکم کے پہرہ 4 کا جائزہ لیا جس میں ٹیلی ویژن پروگرام کے دو کلپس بھی دیئے گئے تھے۔

میں نے 26 مئی کے حکم کو بھی دیکھا اور حکم دیا کہ یہ معاملہ 2 جون کو خصوصی بنچ کے سامنے لگایا جائے جو جسٹس اعجاز افضل خان ‘ جسٹس اعجاز احمد چوہدری اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل ہوگا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جاری کردہ وضاحت کے مطابق جسٹس جواد ایس خواجہ سی ایم اے 2774/14 کی سماعت کررہے تھے جو اب خصوصی بنچ کے رو برو لگائی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بنچ سی ایم اے 3096/2014 کی بھی سماعت کرے گا۔

متعلقہ عنوان :