ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو سرگودھا کے نواح سیال موڑ سے اغواء کرلیا گیا، اغواء کاروں کا 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا واقعے کا نوٹس ، 12 گھنٹے کے اندر اندر رپورٹ طلب، پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو بازیاب کرانے کا حکم ،پولیس نے کارروائی شروع کردی

اتوار 1 جون 2014 07:24

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء) ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو سرگودھا کے نواح سیال موڑ سے اغواء کرلیا گیا ہے اغواء کاروں نے ان کی بیگم سے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جلد ان سے رابطہ کرینگے پولیس ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو سیال موڑ کے قریب گن پوائنٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے رتاوان کی خاطر اغواء کرلیا رانا جمیل حسن خان کا تعلق حلقہ PP-174 ننکانہ صاحب سے ہے انہوں نے 11 مئی 2013ء کے عام انتخابات میں اپنے مد مقابل آزاد امیدوار آغا علی حیدر کو شکست دیکر یہ سیٹ حاصل کی تھی انہوں نے انتخابات میں 27390 ووٹ حاصل کئے تھے اغواء کار رانا جمیل حسن کو اپنی گاڑی میں آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھ کر لے گئے اور انہوں نے جاتے ہوئے ان کی اہلیہ کو کہا کہ وہ 5 کروڑ روپے تاوان کی رقم کا انتظام کریں ہم آپ سے جلد رابطہ کرینگے.

ذرائع کے مطابق اغواء کاروں نے اپنے چہروں کو سیاہ رنگ کے کپڑے سے ڈھانپے ہوئے تھے اور وہ رانا جمیل حسن خان کو علی الصبح اغواء کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں رکن صوبائی اسمبلی رانا جمیل حسن خان نماز جنازہ میں شرکت کیلئے اپنی بیگم کے ہمراہ آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر انہیں ایک پٹرول پمپ سے اغوا کرلیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں رانا جمیل حسن کے اغواء کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے 12 گھنٹے کے اندر اندر رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو بازیاب کرانے کے حکم کے بعد ڈی پی او سرگودھا ‘ ڈی پی او حافظ آباد‘ ڈی پی او چنیوٹ بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور وہاں پر موجود لوگوں سے پوچھ گچھ کے بعد تینوں اضلاع کی پولیس پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا راجہ بشارت محمود کے علاوہ حافظ آباد اور چنیوٹ کے اعلیٰ پولیس افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے ملنے والے شواہد کی روشنی میں ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے.

پولیس ذرائع کے مطابق اغواء کنندگان نے رانا جمیل حسن کی رہائی کیلئے 5 کروڑ روپے طلب کئے ہیں۔

کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد آصف‘ ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان‘ ڈی آئی جی سرگودھا ریجن احمد اسحاق جہانگیر‘ ڈی پی او سرگودھا راجہ بشارت محمود‘ قائمقام ایس پی سپیشل برانچ میاں شفقت‘ ایس پی انویسٹی گیشن سمیت متعدد ڈی ایس پیز اور کئی تھانوں کے ایس ایچ اوز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کے اہلخانہ سے مختلف سوالات اور جائے وقوعہ کی جگہ کے بارے میں سوالات کیساتھ ساتھ اغواء کنندگان کی تعداد اور حلیہ ‘ گاڑی نمبری‘ اور گاڑی کے رنگ سمیت مختلف سوالات پوچھے تاکہ اس کی روشنی میں ملزمان تک پہنچنے میں مدد مل سکے پولیس ذرائع کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی کے اہلخانہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے پے در پے سوالات کا جواب دینے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے رہے پولیس.

ذرائع کے مطابق اغواء ہونیوالے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کی اہلیہ نے جس جگہ کی نشاندہی کی تھی تو پولیس کی بھاری نفری اس مقام پر پہنچی اور وہاں پر قائم دکانوں کے مالکان سے وقوعہ کے بارے میں سوالات کئے تاہم دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمارے سامنے اس قسم کا کوئی وقوعہ نہیں ہوا جس کے بعد پولیس کیلئے جگہ کا تعین کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے جبکہ ان کی بیگم کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد جارہے تھے۔

اس کے علاوہ موٹروے پر چڑھنے والے تمام لنک پوائنٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ‘ آنے جانیوالی گاڑیوں اور بغیر نمبری گاڑیوں کے علاوہ تمام افراد کی جامہ تلاشی کا عمل شروع پولیس ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کے اغواء کے بعد موٹروے سے منسلک انٹر چینجز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی موٹروے پر آنے جانیوالی تمام مشکوک گاڑیوں کو روک کر تلاشی کے بعد ہی آنے جانے کی اجازت دی گئی۔