وزیراعظم نے آئندہ ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ کی تجویز مسترد کردی ،پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں کو جوں کا توں رکھنے،مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہچانے کی ہدایت کردی،حکومت پٹرولیم مصنوعات کے فرق کو پورا کرنے کیلئے 1.78 ارب روپے سبسڈی فراہم کرے گی

اتوار 1 جون 2014 07:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے آئندہ ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز مسترد کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں کو جوں کا توں رکھنے اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہچانے کی ہدایت کردی۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کے فرق کو پورا کرنے کیلئے 1.78 ارب روپے سبسڈی فراہم کرے گی۔

ہفتہ کے روز وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزری خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو گزشتہ تین ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کی جانے والی مجموعی کمی پر اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب اقتصادی پالیسیوں ‘ روپے کی قدر میں اعتدال اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کے نتیجے میں ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزری نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ آئیل اینڈ تیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آئندہ ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات بشمول پٹرولیم ‘ ہائی سپیڈ ڈیزل‘ لائٹ ڈیزل اور ہائی آکتین بلیڈنگ کمپونینٹ (ایچ او بی سی) کی قیمتوں میں اضافہ اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کی تجاویز دی گئیں ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اوگرا نے جن پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی تجویز دی ہے ان کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے جبکہ مٹی کے تیل کے نرخوں میں کمی کے ثمرات وزیر خزانہ کی سفارش پر صارفین تک پہنچائے جائیں۔

’ حکومت پٹرولیم مصنوعات کے فرق کو پورا کرنے کیلئے 1.78 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ یکم جون سے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کچھ اس طرح سے ہوں گے پٹرولیم جو کہ 107.97 روپے فی لیٹر پر فروخت ہوگا یکم جون سے بھی اس کی یہی قیمت برقرار رکھی جائے گی جبکہ اوگرا نے اس کو فی لیٹر 107 روپے 97 پیسے سے برھا کر فی لیٹر 109 روپے 28 پیسے کرنے کی تجویز دی تھی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 109 روپے 34 پیسے تھی اور جون میں بھی اس سطح پر برقرار رہے گی جبکہ اوگر انے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 111 روپے 15 پیسے فی لیٹر تجویز کی تھی۔ لائٹ ڈیزل آئل جو کہ 94 روپے 13 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہورہا تھا جون میں بھی انہی نرخوں پر فروخت ہوگا جبکہ اوگرا نے اس کی نئی قیمت 95 روپے فی لیٹر تجویز کی تھی جس کو مسترد کیا گیا۔

ہائی آکٹین بلینڈنگ کمپونینٹ (ایچ او بی سی) بھی ماہ جون میں اپنی موجودہ قیمت 134 روپے 63 پیسے فی لیٹر برقرا ر رکھے تھا جبکہ اوگرا نے ایچ او بی سی کی نئی قیمت 137 روپے 12 پیسے تجویز کی تھی جس کو نامنظور کر دیا گیا۔ مٹی کے تیل کی قیمت جو کہ 98 روپے 07 پیسے فی لیٹر تھی کے حوالے سے اوگرا کی تجویز کو قبول کرکے آئندہ ماہ کیلئے اس کے نرخ کم کرکے 97 روپے 40 پیسے فی لیٹر کردیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :