ہر ایک کو روزگار، گھر، کم آمدنی والوں کا مفت علاج، آٹا، چاول، دودھ آدھی قیمت پر ملے گا: 10 نکاتی ایجنڈا کا اعلان ،پاکستان مسلم لیگ اور عوامی تحریک کا ویلفیئر سٹیٹ بنانے کیلئے انقلابی تحریک شروع کرنے کا اعلان ،جون میں پاکستان آؤں گا، دھونس، دھاندلی کی حکومت کیخلاف احتجاج شروع ہو گا، فرقہ واریت ختم کر کے روشن خیال پاکستان بنائیں گے، ڈاکٹر طاہر القادری ،انقلابی اصلاحات اور ہنگامی اقدامات کیے جائینگے: چودھری شجاعت حسین، انتخابی اصلاحات کرینگے، میرے دور کی طرح مفت تعلیم، کتابیں، ادویات اور اقلیتوں کو خصوصی سہولتیں دی جائینگی: چودھری پرویزالٰہی

اتوار 1 جون 2014 07:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک نے پاکستان کو ویلفیئر سٹیٹ بنانے کیلئے تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان اس سلسلہ میں لندن میں دس نکاتی ایجنڈے پر اتفاق ہو گیا۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے یہ اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جس میں دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فرسودہ کرپٹ انتخابی نظام عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکا ہے، موجودہ حکومتیں غیر آئینی الیکشن کمیشن کے تحت قیام میں آئیں، نئی عوامی اور جمہوری حکومت کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے، ہم ہر شخص کو روزگار، گھر دیں گے اور 15 ہزار سے کم آمدنی والے افراد کو سبسڈی دینگے جس سے انہیں آٹا، کپڑا، دودھ آدھی قیمت پر ملے گا۔

(جاری ہے)

ان افراد کی رجسٹریشن ہو گی اور بجلی، پانی اور گیس پر ٹیکس بھی ختم کر دیں گے، فرقہ واریت کا خاتمہ کر کے پاکستان کو روشن خیال ملک بنائیں گے، قدرتی وسائل کو بروئے کار لائیں گے، میٹرک تک تعلیم مفت ہو گی، اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی، انڈسٹری، ٹریڈ اور بزنس مین کو آئین طور پر تحفظ فراہم کیا جائے گا، سادہ طرز حکومت بنا کر پیسے کو بچایا جائے گا، سوشل ویلفیئر سٹیٹ کو عملی طور پر پیش کیا جائے گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وہ جولائی کے بجائے جون میں پاکستان آئیں گے اور دھونس، دھاندلی کی حکومت کیخلاف احتجاج شروع ہو گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کیے جائیں گے، ہمارے دل میں غریب آدمی کا احساس ہے، انقلابی اصلاحات کے ساتھ ہنگامی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے، پاکستان جاتے ہی ایجنڈے پر کام شروع کر دیں گے اور مذہبی و سیاسی جماعتوں اور تمام شخصیات سے رابطے کیے جائیں گے.

ڈاکٹر طاہر القادری کے پاکستان آنے کا انتظار رہے گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ فرسودہ اور کرپٹ نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ہم عوام کی بہتری کیلئے قدرتی وسائل کو بروئے کار لائیں گے، غریبوں کا علاج مفت کیا جائے گا، ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور کرپشن ختم کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، آزاد الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے ملک صحیح ترقی پر گامزن ہو گا، فرقہ واریت کا خاتمہ کر کے روشن خیال پاکستان بنائیں گے، شریک ہونے والی جماعتوں کی خواہش پر اعلامیہ تبدیل ہو سکے گا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ ملکی ترقی کا ایجنڈا ہے، حالیہ انتخابات میں تاریخ ساز دھاندلی کی گئی، اصلاحات کے ذریعہ انتخابات میں دھاندلی، ظلم، کرپشن، پٹواری کلچر، پولیس کی سینہ زوری، خواتین کا استحصال ختم کریں گے، ہم ملک کو ویلفیئر سٹیٹ بنائیں گے جس کا نمونہ آپ نے ہماری پنجاب میں حکومت کے دوران دیکھا، جب مفت تعلیم، مفت کتابیں، مفت ادویات کے علاوہ کتنی ہی سہولتیں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فراہم کی گئیں، ہم پھر نچلی سطح پر انصاف کو یقینی بنانے کے علاوہ سستی زرعی اصلاحات لائیں گے، یہ انقلاب ظلم اور کرپشن کے خلاف ہے، ن لیگ نے اپنے الیکشن کی خاطر تعلیم کا بجٹ صرف اور صرف لیپ ٹاپ سکیم میں جھونک دیا گیا، ہم کوئی شارٹ کٹ کام نہیں کریں گے، ہم غریبوں کے بچوں کو سکول لے کر جائیں گے جو صحیح معنوں میں فیوچر انوسٹمنٹ ہے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ، ان کی مرمت اور بحالی کیلئے بجٹ میں خصوصی اضافی فنڈز رکھے جائیں گے۔

پریس کانفرنس میں سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، محمد بشارت راجہ، مونس الٰہی، سینیٹر ڈاکٹر خالد رانجھا، حلیم عادل شیخ، سینیٹر دلاور عباس اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔