نندی پورپاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن کا باقاعدہ افتتاح ،منصوبے سے مجموعی 425 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی، وزیراعظم نے احتجاج کرنے والوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیدی،حکومت کیخلاف احتجاج کرنے والے ملک کو ترقی کی راہ پر چلنے دیں،ملکی ترقی میں حکومت کے ساتھ آکر ہاتھ بٹائیں‘نوازشریف،شور مچانے والے بتائیں کہ پاکستان کی ترقی و تعمیر کا ایجنڈا پر ہیں یا پھر ملک میں ترقی اور اندھیروں کے خاتمے کے خلاف ہیں،نندی پور پاور پراجیکٹ کے مجرمانہ غفلت اور کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف ضرور کارروائی ہونی چاہیے، اس سے ملک اور قوم کو اربوں کھربوں کا نقصان ہوا ، دیامر بھاشا ڈیم کوجلد از جلد مکمل کیا جائے گا،توانائی کے منصوبے مکمل ہونے سے بہت جلد اندھرے ملک سے ختم ہونگے، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

اتوار 1 جون 2014 07:20

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی 100 میگاواٹ کی ٹربائن کا باقاعدہ افتتاح کردیا ۔ منصوبے سے مجموعی 425 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی۔اس موقع پر نواز شریف کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی ، وزیر تجارت خرم دستگیر ، وزیر صوبائی قانون رانا ثناء اللہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور چینی کمپنی کے انجینئرز بھی شامل تھے ،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے احتجاج کرنے والوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ حکومت کیخلاف احتجاج کرنے والے ملک کو ترقی کی راہ پر چلنے دیں اور ملکی ترقی میں حکومت کے ساتھ آکر ہاتھ بٹائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے مجرمانہ غفلت اور کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف ضرور کارروائی ہونی چاہیے کیونکہ انہوں نے لالچ کی ملک اور قوم کو اربوں کھربوں کانقصان پہنچایا ۔ نواز شریف نے کہا کہ نندی پور منصوبہ توقعات سے پہلے اور بہت جلد مکمل ہورہا ہے جو کہ بڑی خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور منصوبے سے ابتدائی سو میگا واٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے اور باقی ٹربائنیز بھی مستقبل میں بہت جلد کام شروع کردینگی ۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور منصوبہ کراچی پر گل سڑھ رہا تھا لیکن حکومت نے اس گلے سڑے منصوبے کو پھر سے جان ڈال کر پایہ تکمیل تک پہنچا دیا نواز شریف نے کہا کہ پورٹ قاسم میں 1320 میگا واٹ کے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد اور ساہیوال میں بھی 1320 میگا واٹ کے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اور اب بہت جلد نیلم اور جہلم کا بھی افتتاح آنے والے دنوں میں ہوگا ۔

منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے کام کا اندازہ پاکستانی تاریخ میں نہیں لگایا جاسکتا ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ نندی پور پر مجرمانہ غفلت اور کرپشن کا ضرور نوٹس لینا چاہیے کیونکہ اس سے ملک اور قوم کو اربوں کھربوں کا نقصان ہوا ۔ نواز شریف نے کہا کہ نیلم جہلم جو کہ 84 ارب کا منصوبہ تھا وہ آج 275 ارب کی لاگت سے تکمیل ہوگا جو کہ ناقابل معافی جرم ہے ۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں منگلا اور تربیلا کے مقابلے میں تیسرا ڈیم نہیں ہے لیکن اب ان کے مقابلے کا بڑا منصوبہ دیامر بھاشا ڈیم شروع کررہے ہیں جس سے کسانوں کی زمین سیراب ہوگی اور ملک میں زراعت کی پیداوار میں اضافہ ہوگا ۔ نواز شریف نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم سے 4500 میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی اور چار دن قبل ڈیم کی زمین خریدنے کیلئے چالیس ارب روپے دیئے ہیں ڈیم کی تعمیر میں غیر ملکی کمپنیاں بھی حصہ ڈالینگی اور جلد از جلد اسے مکمل کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی 4500 میگا واٹ کا داسو ڈیم بھی بنایا جائے گا اور بہت جلد اندھرے ملک سے ختم ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات نے جو قوم نے مینڈیٹ دیا تھا اس پر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ شور والے آخر کس چیز کا شور مچا رہے ہیں حالانکہ جہاں پر شور مچانے والوں کو ووٹ ملا وہاں پر بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقیاتی کام کرروا رہی ہے اور خیبر سے لیکر گوادر تک اور گوادر سے لیکر کراچی تک پوری قوم کا احساس ہے اور جہاں پر کمی ہوگی وہاں پر دن رات محنت کرکے کمی کوپورا کرینگے ۔

نواز شریف نے کہا کہ شور مچانے والے بتائیں کہ پاکستان کی ترقی و تعمیر کا ایجنڈا پر ہیں یا پھر ملک میں ترقی اور اندھیروں کے خاتمے کے خلاف ہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ بہت جلد کراچی سے لاہور موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ کر اسے کم مدت میں مکمل کردینگے اور اس کیلئے بھی 55ارب روپے زمین خریدنے کیلئے دے دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو کام پاکستان میں دس سال میں ہوئے تھے وہ آج دس مہینوں میں ہورہے ہیں ۔

نواز شریف نے کہا کہ کراچی سے لیکر پشاور تک ریلوے کے نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں کاشتکار کی مراعات کا پورا پورا خیال رکھا جائے گا اور پاکستان کی چار صوبوں کے اندر یکساں ترقی ہوگی نواز شریف نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ گوادر کو دبئی اور سنگاپور کی طرز پر فری پورٹ بنائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو آج حکومت کیخلاف احتجاج کررہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر چلنے دیں اور ملکی ترقی میں حکومت کے ساتھ آکر ہاتھ بٹائیں ۔

نواز شریف نے کہا کہ حکومت کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر دیکھنا چاہتی ہے اور ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک کی امن وامان کی صورتحال پر روزانہ اجلاس طلب کرتی ہے اور حکومت جائزہ لیتی ہے نواز شریف نے کینیڈا اور لندن میں بیٹھ کر میٹنگ کرنے والوں کو مخاطب ہوکر کہا کہ جو کچھ پاکستان کیلئے کرنا تھا کرلیا اب تمام ملک کی ترقی کا سوچو۔ نواز شریف نے نندی پور پراجیکٹ پر تیزرفتاری سے کام کے صلے میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ٹیم اور کیپٹن محمود کی ٹیم کو وفاقی حکومت کی جانب سے تین مہینے کا بونس دینے کا بھی اعلان کیا ۔

واضح رہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے مجموعی طور پر 425 میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی اور پہلی ٹربائن کے افتتاح کے ہر 2 ماہ بعد ایک ٹربائن کا افتتاح کیا جائے گا، منصوبہ دسمبر 2014 تک مکمل ہو گا